یواین آئی
کیف؍؍یوکرین کے جنگ زدہ شہر ماریوپول میں 16 مارچ کو ایک ڈرامہ تھیٹر میں ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 300 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرائنی حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔حکام نے بتایا کہ فضائی حملے کے وقت تقریباً 1300 افراد عمارت میں پناہ لیے ہوئے تھے۔سٹی کونسل کے ترجمان نے آج کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہم دن کا آغاز بری خبروں سے کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین اور معلومات کے مطابق ماریوپول میں ڈرامہ تھیٹر پر روسی بمباری میں 300 افراد ہلاک ہوئے۔ میں اس خوفناک حادثے پر یقین نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ آخر تک مجھے یقین تھا کہ ہر کوئی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہو گا، لیکن اس دہشت گردانہ کارروائی کے دوران عمارت کے اندر موجود لوگوں کے الفاظ کچھ اور ہی بتاتے ہیں۔گارڈین نے ترجمان کے حوالے سے کہاکہ ماریوپول شہر کے قلب میں واقع ڈرامہ تھیٹر شہر کی پہچان ہے۔ یہ لوگوں کے ملنے ملانے کی جگہ تھی۔ لوگ اس کی مثال دیتے تھے اور کسی کو بلا کر کہتے تھے کہاں ہو؟ میں ڈرامہ تھیٹر کے قریب ہوں۔ یہ جملہ ہم نے کتنی بار کہا یا سنا؟اب یہاں کوئی ڈرامہ تھیٹر نہیں ہے۔ اب ماریوپول ایک کھنڈر میں تبدیل چکا ہے جو سینکڑوں معصوم لوگوں کی آخری پناہ گاہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد 150 کے قریب زندہ بچ جانے والے ملبے سے باہر نکل آئے تھے۔