لکھنؤ:08مئی(یواین آئی) کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان ہر معاملے میں اپنی مستعدی کا مظاہرہ کررہی پرینکا گاندھی واڈرا نے غریبوں کی مدد کے لئے جمعہ کو ایک لاکھ فیس ماسک اترپردیش کی عوام کے لئے بھیجے ہیں۔
پارٹی کے میڈیا کنوینر للن کمار نے بتایا کہ محترمہ پرینکا نے ایک لاکھ ماسک بھجوائے ہیں۔ اس سے پہلے وہ کئی اضلاع میں راشن اور دوائیں بھجوا چکی ہیں۔ آج لکھنؤ میں انہوں نے ایک لاکھ ماسک بھجوائے ہیں جسے کل کانگریس کے کارکنان مستحقین کے درمیان تقسیم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کانگریس جنرل سکریٹری کورونا وبا کے خلاف لڑائی میں کافی مستعد ہیں۔ ان کی دیکھ ریکھ میں کئی وہاٹس ایپ گروپ بنائے گئے ہیں جن کے ذریعہ سے لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔مسٹر کمار نے بتایا کہ لوگوں کی مدد کے لئے کانگریس لکھنؤ۔غازی آباد،ہاپوڑ،آگرہ،فتح پور، لکھیم پوری کھیر اور الہ آباد سمیت 17اضلاع میں رسوئی گھر چلا رہی ہے۔
انہون نے بتایا کہ ہر ضلع میں ضرورت مندوں کے درمیان راشن تقسیم کئے جارہے ہیں۔ریاست میں تقریبا 47لاکھ لوگوں کو راشن اور کھانا پہنچایا گیا ہے۔ اترپردیش کے باہر چار لاکھ مہاجر مزدوروں اور ضرورت مندوں کی مدد کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے سبھی ریاستی صدور کو ہدایت دی ہے کہ مہاجر مزدوروں کا ریلوے کرایہ کانگریس ادا کرے گی۔