نئی دہلی، 08 مئی (یواین آئی) سپریم کورٹ نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر نجی اور سرکاری کالجوں میں طالب علموں کو سمسٹر فیس سے راحت دیئے جانے سے متعلق عذرداری کی سماعت سے جمعہ کو انکار کردیا۔
جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس بی آر گوئی کی بنچ نے جسٹس فار رائٹ فاؤنڈیشن اور دیگر کی عذرداری یہ کہتے ہوئے خارج کردی کہ اگر فیس نہیں لی جائے گی تو کالج کیسے چلیں گے۔ کالج انتظامیہ اپنے ملازموں کو تنخواہ کہاں سے دے گی۔
عذرداری میں طالب علموں کو معمولی رعایت دلانے کی بھی عدالت سے درخواست کی لیکن اس نے یہ کہتے ہوئے منع کردیا کہ متعلقہ یونیورسٹی سے اس معاملے میں خود بات کریں۔
عذرداری میں کہا گیا تھا کہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر بہت سے طالب علموں کے والدین کے ذریعہ معاش متاثر ہوئے ہیں اور ایسے میں سمسٹر فیس دینے میں نااہل ہونے کی وجہ سے کالجوں کےذریعہ ایسے بچوں کے نام کاٹ دیئے جانے کا شبہ ہے۔
عرضی گذاروں میں مسٹر ستیم سنگھ کے علاوہ امیت کمار شرما، پرتیک شرما اور محترمہ دیکشا دادو شامل تھے۔
عرضی گذاروں نے فروغ انسانی وسائل کی وزارت کے ذریعہ مرکزی حکومت کو مدعا علیہ بنایاتھا۔
عرضی گزاروں نےمرکزی حکومت کو یہ یقینی بنانے کا حکم دینے کی عدالت سے درخواست کی تھی کہ پورے ملک میں لاک ڈان کی وجہ سے سمسٹر فیس کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی طالب علم کا نام نہیں ہٹائے جائیں۔