پوری دنیا میں اپنے پائوں پسار چکی عالمی وبائی مرض نے لاکھوں کی تعداد میں قیمتی جانوں کو اپنا شکار بنایا لیکن ہمت نہ ہارتے ہوئے کرونا مخالف جنگ میں داکٹروں ،پولیس انتظامیہ اور صفائی کرمچاریوں کا اہم کردار قابل داد رہا ۔اپنے اہل و عیال سے دور رہتے ہوئے عالمی سطح کی اس جنگ میں بالخصوص کرونا وارئرس کے طور پر ابھرے طبی عملہ اور پولیس انتظامیہ نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور ملک میں تالی ،تھالی سے لیکر دیا جلانا اور ایئر فورس کی ہوائی خدمات کے ذریعے کرونا وارئرس پر پھولوں کی بارش کرنا ان کے حوصلوں کو آسمان کی بلندیوں تک لیجاتا ہے اور اس بات کی ہمت دیتا ہے کہ کرونا پائوں پسارنے میں ناکام ہو جائے گا،تباہ ہو جائے گا۔کرونا وارئرس کی حوصلہ افزائی ملک بھر میں پھولوں کے ہار، تِلک ،چونی اور تعریفی اسناد سے کی جا رہی ہے وہیں وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والی افواج بھی کرونا مخالف جنگ میں شامل ڈاکٹروں کوسلامی پیش کر رہی ہیں۔ملک بھر میں ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر بڑے بڑے ہسپتالوں پر پھولوں کی بارش کرتے نظر آئے جس سے اس جنگ میں شامل ڈاکٹروں کے حوصلوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور ایک نئے جوش کے ساتھ طبی عملہ ان حوصلوں کو دلوں میں لیکر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے کہ مستقبل قریب میں اس جنگ میں فتح حاصل کر لی جائے گی لیکن ملک میں کچھ عناصر ایسے بھی موجود ہیں کہ ٹیسٹنگ کرنے والی ٹیموں پر حملے کرنے میں اپنے نام سرفہرست لا رہے ہیں اور کہیں پولیس انتظامیہ کے ساتھ بُرا سلوک بھی قابل مذمت ہے اور ایسے عناصر کو سوچنے کی ضرورت ہے کہ یہ کرونا وارئرس صرف و صرف آپ کی خدمات انجام دے رہے ہیں کہ کہیں آپ کی غلطی کے کارن آپ اور آپ کے اپنے کرونا کی آغوش میں نہ چلے جائیںاور انجام آپ کے سامنے ہوگا۔قابل تشویش ہے یہ بات بھی کہ کرونا کو شکست دیکر گھروں کو لوٹنے والے لوگوں کو سماج تنگ نظری سے دیکھ رہا ہے ،حالانکہ ایسا کرنا ہماری اور آپ کی اخلاقی ذمہ داریوں کے بالکل بر عکس ہے۔دوسری جانب کرونا کو شکست دینے والے ڈاکٹر جو خود بھی اس وباء کی زد میں آئے اور صحتیاب ہونے کے بعد پلازمہ بھی عطیہ کر رہے ہیں کہ کسی اور کی جان بھی ان کے پلازمہ سے بچ جائے ۔ڈاکٹروں کی ان خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے اہل دل حضرات کو ان کو سلام کرنا چاہئے کیونکہ یہ وہ طبقہ ہے جو ہماری اور سماج کی خاطر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دن رات اپنے اہل و عیال سے دور رہتے ہوئے اپنی بہترین خدمات سماج کیلئے انجام دے رہا ہے اس لئے یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ کرونا وارئرس کو سلام ۔