24گھنٹے میں کورونا سے متاثر 682 لوگوں کے صحت یاب ،کل تعداد10ہزارکے پار
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ملک میں جہاں ایک طرف کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں مثبت بات یہ بھی ہے کہ کورونا کے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔پچھلے 24گھنٹے میں کورونا سے متاثر 682 لوگوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 10633 تک پہنچ گئی ہے اور ان کے ٹھیک ہونے کی شرح بڑھکر 26فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے ۔مرکزی حکومت ملک میں کورونا وائرس ‘کوویڈ -19’ کے متاثرہ معاملوں کی روک تھام ،کنٹرول اور ان سے نمٹنے کی کوششوں کی اعلی سطح پر نگرانی رکھ رہی ہے اور اسی کے مطابق آگے کی حکمت عملی بھی بنارہی ہے اور لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے میں مرکزی حکومت نے کورونا متاثرہ علاقوں کے لئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ معاملوں کی تعداد کے پیش نظر ریڈ اور گرین زون کے بارے میں نئی ہدایات جاری کی ہیں اور ان میں کورونا کُل معاملوں کی تعداد اور ان کے دوگنا ہونے کی شرح اہم وجہ ہے ۔اس کے علاوہ وہاں نمونوں کی جانچ کی شرح اور آبادی کے پھیلاو کو بھی توجہ میں رکھا جانا ہے ۔ اسی کے پیش نظر ریڈ اور اورینج زون کو پھر سے متعارف کیاگیا ہے ۔ان علاقوں میں وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لئے مناسب‘کنٹینمنٹ اسٹریٹجی’اپنائی جانی ضروری ہے ۔اس کنٹینمنٹ زون کے باہر کے علاقے کا محاصرہ کرکے بہتر حکمت عملی بنائی جانی ہے لیکن اگر اس کے باہر کے علاقے یعنی بفر زون میں کوئی بھی کیس نہیں آرہا ہے اور اس کے باہر کے علاقے میں کچھ سرگرمیوں میں راحت دی جاسکتی ہے ۔ کسی بھی ریاست یا ضلع چاہے وہ ریڈ زون ہو یا اورینج زون ،ان سبھی میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملوں میں اضافے کو روکنے کے لئے ‘سخت قدم’اٹھائے جانے ضروری ہیں کیونکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے یہ بہت ضروری ہوجاتا ہے ۔حالانکہ اسی دوران ملک میں کئی مریضوں پر پلازما تھریپی کو آزمایا گیا اور اس کے نتیجے بھی مثبت رہے ہیں لیکن مہاراشٹر میں ایک کورونا مریض کی موت ہونے کے بعد وزارت صحت نے اس کے بارے میں واضح کردیا ہے کہ پلازما تھیرپی کو دنیا میں کہیں بھی قانونی علاج کے طور پر تصدیق نہیں ملی ہے اور یہ صرف ٹرائل کے طورپر ہی کی جارہی ہے اور ہدایات پر عمل کئے بغیر یہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔دنیا کے متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے پر تحقیق اور متعدد کام ہورہے ہیں لیکن ابھی تک کسی بھی کارگر ویکسن یا دوا کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔وزارت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں کئی مقامات پر پلازما تھیرپی کا استعمال کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے ہورہا ہے لیکن اس کا استعمال ہندوستانی طبی تحقیق کونسل (آئی سی ایم آر) کی ہدایات کے تحت ہی ہونا چاہئے اور اس کے لئے ‘ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا’سے منظوری لینی ضروری ہے ۔اس کے بعد ہی یہ عمل شروع کیاجانا ہے ۔