بچہ زچہ کی موت،ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی

0
0

اننت ناگ میں لواحقین سراپااحتجاج،خاتون ڈاکٹرونرس معطل،تحقیقات کاحکم صادر
شاہ ہلال

اننت ناگ؍؍اننت ناگ میں ایک اور حاملہ خاتون ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی کے باعث بچہ سمیت زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھی اوراسپتال سے میت کو لواحقین نے ویل چیئرسٹراکچر پررکھ کر گھر پہنچادیا ۔واقع کے خلاف علاقہ میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے جبکہ انتظامیہ نے معاملہ کو سنجیدہ لیتے ہوئے حاملہ خاتون کی ہلاکت کے سلسلے میں انکوری ٹیم مقررکردی گئی ہے فی الحال ایک لیڈی ڈاکٹر اور سٹاف نرس کومعطل کردیاگیاہے۔ نمائندے کو ملی تفصیلات کے مطابق مٹن اننت ناگ میں28سالہ حا ملہ خاتون شکیلہ زوجہ ظہوراحمد بٹ ساکنہ سالیہ نوپورہ در زہ میں مبتلا خاتون کو سب ڈسڑکٹ اسپتال سیر ہمدان میں دو مئی یعنی ہفتہ کے روز داخل کیا گیا   تاہم اسپتال میں تعینات ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاپ نے اس کامعائنہ کیا جسکے دوران وہ صحتمند بتائی جاتی تھی اور اس سے کسی بھی قسم کازچگی کے بغیر درد نہیں تھا ۔اس بیچ اتوار کی صبح مذکورہ خاتون کی موت واقع ہوئی جس پر اہل خانہ نے ڈاکڑوں پر غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے معاملے کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔مہلوک خاتون کے قریبی رشتہ دار نے نمائندے کو بتایا کہ خاتون کو ایم آر ڈی زیر نمبر 298کے تحت ہفتہ کو اسپتال میں داخل کیا گیا ،تاہم اسپتال میں تعینات عملے نے خاتون کی طبی جانچ میں لاپرواہی برتی جس کے باعث خاتون کی حالت بگڑ گئی اور اتوار صبح ڈاکٹروں نے خاتون کو زچہ بچہ اسپتال شیر باغ  اننت ناگ منتقل کیا تاہم خاتون دوران راستہ ہی انتقال کر گئی تھی ،اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈاکڑوں نے جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی اور مریض کو زچہ بچہ اسپتال منتقل کرنے میں تاخیر کی جس کے باعث جنم لینے سے پہلے ہی بچہ ماں کے ساتھ ہی انتقال کرگیا۔ واقع کی خبر پھیلتے ہی مہلوک خاتون کے رشتہ داروں اور آبائی علاقہ سے وابستہ مرد وزن نے احتجاج کیا اور مبینہ لاپرواہی برتنے والے عملہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔اس دوران اسسٹنٹ ریونیو کمشنر سید یاسرکبروی  پولیس آفیسر کے ہمراہ مظاہرین کے بیچ پہنچے اور اُنہیں یقین دلایا کہ ملوث عملہ کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گئی ۔ضلع انتظامیہ نے معاملے کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور تحقیقاتی ٹیم کو 3روز کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جبکہ بلاک میڈیکل آفیسر مٹن نے اسپتال میں تعینات  زنانہ ڈاکٹر رضوانہ اور اسٹاف نرس ظریفہ اختر کو فوری طور پرمعطل کیا ہے  ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی ضلع اننت ناگ میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے بعد حاملہ خواتین بالخصوص ریڈ زون علاقوں سے تعلق رکھنے والی بے یارو مددگار در در کی ٹھوکریں کھارہی ہے ،جس پر لوگوں میں محکمہ صحت کے تئیں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا