ہندوارہ میں پراسرار دھماکہ، 7 افراد زخمی

0
0

بچے کھلوناسمجھ کرکھیل رہے تھے،شیل پھٹ گیا
یواین آئی

سرینگر؍؍شمالی کشمیر میں ضلع کپوارہ کے آہگام ہندوارہ میں اتوار کو ایک پراسرار دھماکے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آہگام زچلڈارہ میں کچھ بچوں نے ایک بارودی شیل پایا اور اس کے ساتھ کھیلنے لگے۔ تاہم یہ بارودی شیل ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال ہندوارہ پہنچایا جہاں سے چار زخمیوں کو سری نگر منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آہگام زچلڈارہ اور ژنجمولہ کے درمیان قریب پانچ کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ واضح رہے کہ ژنجمولہ ہندوارہ میں ہفتہ کی شام کو شروع ہونے والا جنگجو مخالف آپریشن اتوار کی صبح دو فوجی افسروں اور جموں وکشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت پانچ سیکورٹی فورسز اہلکاروں اور دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔ آہگام دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 17 سالہ سید خالد بخاری، 12 سالہ جنید احمد خان اور اس کے 18 سالہ بھائی تنویر احمد خان، 10 سالہ عادل احمد گنائی، 30 سالہ محمد اشرف قریشی اور 28 سالہ مقصود احمد شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس نے معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا