دفاعی انٹرپرائزز لاک ڈاؤن کے بعد پیداوار بڑھانے کا منصوبہ بنائیں:راجناتھ
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دفاعی سیکٹر کے پبلک سیکٹر اور اسلحہ فیکٹریوں سے کورونا وبا کی وجہ سے لاگو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد آپریشن اور دیگر سرگرمیوں کو جلد سے جلد شروع کرنے کے لئے ضروری منصوبہ بندی کرنے کو کہا ہے ۔مسٹر سنگھ نے آج انٹرپرائزز اور فیکٹریوں کے حکام کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ سے میٹنگ کی اور کوروناوبا سے لڑنے کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ ان کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دفاعی کمپنیوں کی سرگرمیاں اور آپریشن متاثر ہوا ہے اور اس وبا پر قابو پانے کے بعد ان کی سرگرمیوں کو شروع کرنے کا منصوبہ بنایا جاناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اس کی کوشش ہونی چاہئے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ جتنے وقت کی بربادی ہوئی ہے ، پیداوار بڑھاکر اس کی تلافی کی جائے ۔لاک ڈاؤن کے بعد معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ دفاعی انٹرپرائزز اور آرڈی ننس فیکٹری نجی شعبے کی دفاعی کمپنیوں کے ساتھ مل کر معیشت کو مضبوطی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مسٹر سنگھ نے کورونا کے خلاف چلائی جا نے والی ملک گیر مہم میں شراکت کے لئے دفاعی ا نٹرپرائزز کی طرف سے اختراعات کے تحت بنائی جا نے والی مصنوعات اور مقامی انتظامیہ کو کئی سطح پر دیئے جا نے والے تعاون کے لئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے وزارت دفاع کے تحت آنے والی مختلف تنظیموں اور انٹرپرائزز کی طرف سے وزیر اعظم کیئرس فنڈ میں دیئے گئے شراکت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس سے کورونا کے خلاف جنگ کو مضبوطی ملے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کی تمام اسلحہ فیکٹریوں کی 41 مینوفیکچرنگ اکائیوں میں اب تک کورونا انفیکشن کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ ان اسلحہ فیکٹریوں میں اب تک 100 سے زائد وینٹی لیٹروں کی مرمت کی گئی ہے ، قریب 13 ہزار ذاتی حفاظتی سامان بنائے گئے ہیں، پی پی ای کی جانچ کے لئے خصوصی مشین تیار کی گئی ہے اور تقریبا ساڑھے چھ لاکھ ماسک کی فراہمی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ کئی تنظیموں نے سینیٹائزربنانے کے ساتھ ساتھ گوشہ تنہائی وارڈ بھی تیار کئے ہیں۔دفاعی پیداوار محکمہ کے سکریٹری راج کمار کے ساتھ ساتھ دفاعی انٹرپرائزز اور وزارت دفاع کے سینئر حکام نے اجلاس میں حصہ لیا۔