کابینہ سیکرٹری نے وائرس پر قابو پانے اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کاجائزہ لیا، چیف سیکرٹریوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍کابینہ سیکرٹری راجیو گابا نے آج تمام ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ ایک ویڈیوکانفرنس کے دوران وبائی بیماری کے پھیلائو پر قابو پانے اور مرکزی سرکار کی ہدایات کے مطابق اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ لیا۔داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلہ ، خارجہ سیکرٹری ، اقتصادی معاملات کے سیکرٹری ، محنت و روزگار کے سیکرٹری اور دیگر کئی افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، پولیس سربراہ دِلباغ سنگھ اور انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلے خیال کی اس نشست میں حصہ لیا۔کابینہ سیکرٹری نے وبائی بیماری کے پھیلائو پر مؤثر طور قابو پانے پر زور دیا۔ انہوںنے کہا کہ صورتحال پر قریبی نگاہ رکھی جانی چاہیئے ۔ کابینہ سیکرٹری نے کہا ’’ ہمیں ٹیسٹنگ کے عمل کو مزید مستحکم کرناہوگا اور اس میں پرائیویٹ و پبلک سیکٹر کی شراکت داری کو یقینی بنایا جانا چاہیئے ۔‘‘اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے کابینہ سیکرٹری نے چیف سیکرٹریوں کو مرکزی سرکار کے نظر ثانی شدہ رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے فیلڈ عملے کو بھی ضروری ہدایات جاری کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے دُنیا کے مختلف ممالک میں درماندہ ہوئے بھارتی شہریوں کو واپس لانے کے لئے ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے ساتھ بات چیت کا آغا زکیا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ مناسب وقت پر اس سلسلے میں فیصلہ لیا جائے گا۔کابینہ سیکرٹری نے کووِڈ۔19 کے خلاف نمٹنے کے لئے جاری سرگرمیو ں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے اس وبائی بیماری پر مناسب طریقے پر قابو پا یاجاسکتا ہے ۔ کابینہ سیکرٹری لاک ڈاون بندشوں کی عمل آوری کے سلسلے میں چیف سیکرٹریوں سے فیڈ بیک طلب کیا اور مرکزی سرکار کے رہنما خطوط کے مطابق اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کے بارے میں بھی تجاویز طلب کیں۔چیف سیکرٹریوں نے کورونا وائرس کے پھیلا ئو پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔کابینہ سیکرٹری نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستوں کو درپیش مسائل حل کر رہی ہے ۔انہوں نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔