یواین آئی
لیہہ؍؍لداخ یونین ٹریٹری میں کورونا وائرس کے دو نئے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 20 ہوگئی ہے جن میں سے 16 مریض صحت یاب ہوکر ہسپتالوں سے رخصت کئے جاچکے ہیں۔ حکومت کے ترجمان رگزن سیمفل نے کہا کہ جو نئے دو کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے ایک لیہہ اور دوسرا کرگل سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ میں ایکٹو کیسز کی تعداد چار ہے۔ رگزن سیمفل نے ہفتہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہمیں قریب 150 نمونوں کی رپورٹیں ملی ہیں جن میں سے دو نمونے مثبت آئے ہیں۔ ایک بگدام نوبرا لیہہ اور دوسرا سانکو کرگل کا ہے۔ سانکو کو پہلے ہی ریڈ زون علاقہ قرار دیا گیا تھا۔ سانکو سے سامنے آنے والے کیس کی ایران کی سفری تاریخ ہے۔ دونوں جگہوں پر مریضوں اور ان کے افراد خانہ کو آئیسولیٹ کیا گیا ہے’۔انہوں نے مزید کہا: ‘بگدام لیہہ سے سامنے آنے والا مریض گجرات میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے گیا ہوا تھا۔ دو فروری کو وہاں سے چندی گڑھ پہنچا۔ 9 مارچ کو اس جہاز کے ذریعے چندی گڑھ سے لیہہ آیا جس میں 190 افراد سوار تھے۔ اس جہاز میں سوار سبھی دیگر مسافروں کے بھی نمونے لئے جائیں گے’۔ دریں اثنا ضلع مجسڑیٹ لیہہ نے عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابندی لگائی ہے اور ایسی جگہوں پر ماسک کا پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ عوامی مقامات پر تھوکنے اور بغیر ماسک لگائے گھومنے والے کسی بھی شخص کو پانچ سو روپے جرمانہ ادا کرنا پڑیں گے۔