یواین آئی
سرینگر؍؍شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک فوجی اہلکار حادثاتی طور پر اپنی ہی بندوق سے نکلنے والی گولی کا شکار ہوکر دم توڑ گیا ہے۔ یہ واقعہ جمعہ کو کپوارہ میں واقع ایک فوجی کیمپ میں پیش آیا۔ مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں ایک پولیس افسر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کپوارہ کے ہری علاقے میں قائم فوج کی 160 ٹریٹوریل آرمی ہیڈکوارٹر میں حوالدار راکیش کمار اپنی بندوق کی صفائی کررہا تھا کہ حادثاتی طور پر اس سے نکلنے والی گولی فوجی کے سینے میں پیوست ہوئی۔ 8 جاٹ رجمنٹ سے وابستہ راکیش کو پہلے قریبی طبی مرکز لے جایا گیا اور پھر وہاں سے درگمولہ میں واقع فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔