مضبوط پنچایتیں بھی خود کفیل گاؤں کی اساس ،ہمارے کام کرنے کا انداز بدلا ہے ::مودی
لازوال ڈیسک
نئی دہلی/سرینگر؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کورونا کی وبا نے پوری دنیا میں کام کرنے کا انداز بدل دیا ہے اور اس نے ہم سب کو زندگی کے ہر شعبے میں خود کفیل بننے کا سبق دیا ہے ۔پنچایت راج کے دن مسٹر مودی ملک بھر کے سرپنچوں سے ویڈیو کانفرنسوں کے ذریعہ بات چیت کی اور انھیں اس دن کی مبارکبادیں اور نیک خواہشات دیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ضلع بارہمولہ کے ناروہ بلاک میں کورونا وائیرس وباء کے پھیلاؤ کو روکنے میں بلاک کے بی ڈی سی چئیر پرسن میر محمد اقبال کی کوششوں اور اُن کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا عالمی وبا نے ہمارے کام کرنے کا انداز بدلا ہے ۔ پہلے سب ایسے پروگراموں میں آمنے سامنے ہوتے تھے ، لیکن اب وہی پروگرام ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن گاؤں تک پہنچنے کے ہمارے عزم کو دہرانے کا موقع بھی ہے اور اس موقع کی مطابقت کورونا بحران کے اس دور میں مزید بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا ،’’یہ سچ ہے کہ کورونا کی وبا ء بہت ساری پریشانیوں کی باعث بنی ہے ، لیکن اس سے بھی بڑھ کر ، اس وبا ء نے ہمیں ایک نیا سبق ، ایک نیا پیغام دیا ہے ۔ آج ، اس پروگرام کے ذریعے ، میں یہ پیغام ملک کے ہر شہری تک پہنچانا چاہتا ہوں ، چاہے وہ گاؤں میں ہو یا شہر میں۔ دوستو ، کورونا بحران نے اپنا سب سے بڑا پیغام دیا ہے ، اس کا سب سے بڑا سبق ہمیں یہ ہے کہ ہمیں خود کفیل بننا پڑے گا۔گاؤں اپنی سطح پر اپنی بنیادی ضروریات کے لئے خود کفیل بنے ، ضلع اپنی سطح پر ، ریاست اپنی سطح پر ، اور اسی طرح پورا ملک کس طرح خود کفیل بنے ، ہمیں اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے باہر دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ، اب یہ بہت ہی ضروری ہو گیا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ نظریہ ملک میں صدیوں سے رائج ہے ، لیکن بدلے ہوئے حالات نے اسے پھر سے خود انحصاری کی یاد دلائی ہے اور اس میں گرام پنچایتوں کا بہت بڑا کردار ہے ۔ مضبوط پنچایتیں بھی خود کفیل گاؤں کی اساس ہیں۔ اور اس طرح پنچایت کا نظام جتنا مضبوط ہوگا جمہوریت اتنی ہی مضبوط ہوگی اور ترقی کا اتنا ہی فائدہ آخر میں کھڑے شخص تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکومت نے پنچایتی راج سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لئے مسلسل کام کیا ہے ۔وزیر اعظم نے آج پنچائتی راج دن کے موقعہ پر ملک بھر کے سرپنچوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلہ خیال کرتے ہوئے میر محمد اقبال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا حکومت ، بلاک انتظامیہ اور عوام کے بہتر تال میل سے ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے اقبال کو عام لوگوں کیلئے صحیح معنوں میں ایک لیڈر قرار دیا ۔ وزیر اعظم نے وائیرس کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنا بھر پور تعاون دینے کی خاطر بلاک کے لوگوں کو مبارکباد دی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس بلاک نے ایک قابلِ فخر کام انجام دیا ہے اور یہ منترا پورے جموں کشمیر میں عملایا جانا چاہئیے تا کہ جتنا ممکن ہو سکے اُتنا کورونا وائیرس کو شکست دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دو گز کی دوری کے اصول کو صحیح معنوں میں عملایا جانا چاہئیے ۔ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چئیر پرسن نے وزیر اعظم کو پنچائتی راج اداروں اور یو ٹی کی بلاک انتظامیہ کی طرف سے اختیار کئے جا رہے اُن اقدامات سے آگاہ کیا جو وائیرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ضلع انتظامیہ کیلئے مدد گار ثابت ہوئے ۔ بی ڈی سی نے کہا کہ حکام کی رہنمائی اور ترغیب سے پی آر آئی اداروں نے ایک فعال لایحہ عمل اختیار کیا ۔ جس سے وائیرس کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈی سی نے آشا ورکروں ، آئی سی ڈی ایس ورکروں اور پنچائتی راج اداروں کے ارکان کے باہمی تال میل اور ڈاکٹروں کے ایک مختصر کورنٹیشن کے بعد گھر گھر جا کر ایک بیداری مہم شروع کی گئی جس میں لوگوں کو متعدد اقدامات سے روشناس کرایا گیا ۔ بی ڈی سی نے سفری پس منظر رکھنے والوں کی نشاندہی اور بلاک میں مکمل لاک ڈاؤن کی عمل آوری میں پنچائتی راج اداروں کے رول کو بھی اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کیلئے پی آر آئی ارکان اور دیگر رضاکاروں نے سڑکوں پر گشت کی اور سماجی دوری کی پاسداری کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ان موثر اقدامات کی بدولت یہ بلاک کووڈ سے پاک ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بلاک میں ضرورتمندوں تک غذائی اجناس پہنچانے میں بھی ایک سرگرم رول ادا کیا ۔ واضح رہے کہ پنچائتی راج اداروں نے محکمہ دیہی ترقی و پنچائتی راج کے اہلکاروں سمیت یو ٹی میں ماسکوں کی تیاری اور تقسیم کاری کے علاوہ دیگر کاموں میں بھی شامل رہے جن میں راشن کی تقسیم کاری ، سینی ٹائیزیشن سرگرمیاں ، سماجی دوری برقرار رکھنا ، کورنٹین اور آئسو لیشن کو یقینی بنانا ، تفریحی پس منظر والے لوگوں کی نشاندہی جیسے امور شامل ہیں ۔