نئی دہلی؍؍ہندوستان نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے بیان کو غیرحقیقت پسندانہ اور قابل افسوس قرار دیتیہوئے اسے مشورہ دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس ’کووڈ۔19‘ کے خلاف عالمی لڑائی کوفرقہ وارانہ بنانے کی کوشش نہ کرے۔سرکاری ذرائع نے یہاں او آئی سی کے بیان پر پوچھے جانے پر کہا کہ یہ بہت ہی افسوسناک بات ہے کہ او آئی سی نے غیر حقیقت پسندانہ باتوں کے سلسلے میں غلط بیان جاری کیا ہے۔ او آئی سی کو کووڈ۔19 کے خلاف عالمی لڑائی کو فرقہ وارانہ بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ذرائع نے عمان کی شہزادی کے ٹوئٹر پر جاری بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادی نے واضح کردیا ہے کہ اس کا ٹوئٹر ہینڈل کوئی اور دیکھتا ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہندوستان اور خلیج کے ممالک کے درمیان ہمارے تعلقات میں خلل ڈالنے کی کوئی سازش ہے۔ ان ممالک میں ہمارے مشنوں نے وہاں کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی غلط پروپیگنڈے میں نہ پھنسے۔ خلیجی ممالک میں پھنسے ہندوستانی ملازموں کے بارے میں سوال کے جواب میں ذرائع نے بتایا کہ ہمارا مشن ان ممالک کی حکومتوں کے رابطے میں ہیں اور ہندوستانی ملازمین کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ وہاں صورت حال میں مسلسل تبدیلی آرہی ہے اس پر ہماری گہری نظر ہے۔