‘
وادی میں وائرس کے پھیلائوکو روکنے کیلئے اِنتظامات مستحکم :لیفٹیننٹ گورنر
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید جامع بنانے اور حساس معاملات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی ۔لیفٹیننٹ گورنر آج یہاں ایک اعلیٰ سطح میٹنگ کی صدارت کے دوران بول رہے تھے۔ اُنہوں نے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا۔لیفٹننٹ گورنر نے کہا کہ کووِڈ۔19 کے خلاف لڑائی لمبی ہے تاہم ہمیں مستعد رہنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کی کوتاہی نہیں برتی جانی چاہیئے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو حساس علاقوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔کووِڈ۔19 کے خلاف مؤثر مہم چلانے کے لئے سری نگر ضلع انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو لوگوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنی چاہئیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کی سلامتی کے لئے دِن رات کام کر رہی ہے لہٰذا لوگوں کو سرکار کی جانب سے وضع کئے گئے رہنما خطوط پر عمل کر کے انتظامیہ کو اپنا تعاون دینا چاہیئے ۔ جی سی مرمو نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ ضروری اشیاء کی سپلائی یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔کشمیر صوبے میں اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایل جی نے پہلے محاذ پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکروں ، سیکورٹی فورسز اور ضروری خدمات فراہم کرنے والے اہلکاروں کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے اُنہیں مبارک باد دی۔
حساس گروپوں کا پروفائل :۔
لیفٹیننٹ گورنر نے صوبائی انتظامیہ پر حساس عمر کے گروپس کا پروفائل تیا رکرنے کے لئے کہا ۔انہوں نے کہا کہ 60برس سے زیادہ عمر کے اَفراد کا طبی پس منظر معلوم کیا جانا چاہیئے تاکہ جموںوکشمیر میں کووڈ۔19کے معاملات کو کم کرنے میںمدد ملے ۔انہوں نے یقین دِلایاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ایل جی نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے عمل میں اضافہ کیا جانا چاہیئے اور 60برس سے زیادہ کی عمر کے لوگوں کا طبی معائینہ بھی کیا جانا چاہیئے ۔
مثبت معاملات ، متاثرین کے رابطے میں آئے اَفراد اور سمپلنگ :۔
صوبائی کمشنر کشمیر نے تفصیلی پرزنٹیشن کے دوران کووڈ۔19سے مقابلے کے لئے کی گئی تیاریوں کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی انتظامیہ متاثرہ افراد کے رابطے میں آئے لوگوں کو کھوجنے کے مناسب اقدامات کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اب تک 8211 سمپل لئے گئے ہیں جبکہ 7410 ایسے افراد کی نشاندہی کی جاچکی ہے جو متاثرہ افراد کے رابطے میں آئے ہیں اور اب تک 351 مثبت معاملات کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر صوبے میں پلوامہ ضلع میں سب سے کم اور بانڈی پورہ ضلع میں سب سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیاکہ 58 میڈیکل بلاکوںمیں الگ الگ ٹیموں کو سمپل جمع کرنے اور مشتبہ افراد کی نشاندہی کرنے کی تربیت دی گئی ہے ۔بلیٹن کے مطابق ضلع بانڈی پورہ میں اب تک 97 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے 78 سرگرم معاملات ہیں ، 18 مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔اُدھر سری نگر میں اب تک کورونا وائرس کے 79 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 51 سرگرم معاملات ہیں ۔27 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ01 کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 47 ہوئی ہیں جن میں سے 41سرگرم معاملات ہیں اوردومریضوں کی موت واقع ہوئی ہیںاور 4 صحتیاب ہوا ہے ۔اِدھر بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 13ہوئی ہیںجن میں سے 4سرگرم ہیں اور09اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے 3 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے اور تینوں صحتیاب ہوئے ہیں۔ضلع شوپیان میں 46 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 40 سرگرم ہیں اور 6صحتیا ب ہوئے ہیںجبکہ کپواڑہ میں37مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں اور 31 سرگرم معاملات ہیں اور6صحتیاب ہوئے ہیں۔گاندربل میں کلو 14مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 12سرگرم معاملے ہیں جبکہ دو شفایاب ہوئے ہیں۔ کولگام میں 6 مثبت معاملات پائے گئے ہیں ۔ سبھی سرگرم ہیںاور اننت ناگ میں 09 مثبت معاملے سامنے آئے ہیںاور سبھی سرگرم ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ کشمیر صوبے میں 84 زونوںکو محدود قراردیا گیا ہے جن میں 37ریڈ زون ، 45نارنگی زون اور دو گرین زون شامل ہیں ۔ایل جی کو بتایا گیا کہ کووِڈ ۔19مریضوںکے لئے 10,000بستروں پر مشتمل سہولیات قائم کی گئی ہے جب کہ اب تک 64089 ایسے افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جو یاتو متاثر ہوئے ہیں یا متاثرین کے رابطے میں آئے ہیں ۔ ان میں 5806 افراد کو ہوم کورنٹین ،252کو ہسپتال کورنٹین اور 310کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے ۔ا س کے علاوہ 15376 افرا د کو گھروں میں نگرانی کے لئے رکھا گیا ہے جبکہ 42340 افراد نے نگرانی کی مدت پوری کی ہے ۔
میڈیکل ویسٹ کو ضائع کرنا:۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہسپتالوں سے نکلنے والے کوڑا کرکٹ کو مقرر کئے گئے رہنما خطوط کے مطابق ضائع کیا جانا چاہیئے ۔انہوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنروں کو ضروری ہدایات دیں۔
ہیلتھ ورکروں کو تحفظ فراہم کرنا:۔
لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہیلتھ ورکروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرو کووڈ۔19کے مریضوں کی دیکھ بال کے دوران خطرے میں رہتے ہیں لہٰذا ان کو ہر طرح کا حفاظتی سازو سامان فراہم کیا جانا چاہیئے۔میٹنگ میں ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر اور بصیر احمد خان ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ،ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر سامیہ رشید ، ناظم صحت کشمیر سمیر مٹو ، او ایس ڈی کووِڈمنیجمنٹ اعجاز احمد خان ، وِکاس کنڈل اور اویس احمد کے علاوہ جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات حارث احمد ہنڈو اور دیگر افسران موجود تھے۔