سری نگر، 23 اپریل (یو این آئی) سری نگر کے پائین شہر کے نوہٹہ علاقے میں واقع 625 برس قدیم تاریخی جامع مسجد کا انتظام و انصرام چلانے والی انجمن اوقاف نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرات کے پیش نظر اس عبادت گاہ میں نہ صرف نماز جمعہ بلکہ نماز تراویح بھی موقوف کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
انجمن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجگانہ نمازوں کے ساتھ ساتھ تراویح کی نماز بھی اپنے اپنے گھروں میں ہی پڑھیں اور اللہ رب العزت سے کورونا نامی سنگین وبا کے خاتمہ کے لئے دعائیں کریں۔
اس دوران کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے ایک شرعی فتویٰ جاری کیا ہے جس میں مسلمانوں سے رمضان المبارک کے دوران پنجگانہ نماز اور تراویح اپنے گھروں میں ہی ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔