یواین آئی
نئی دہلی؍؍ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کا قہر جاری ہے اور آج شام پانچ بجے تک متاثرین کی تعداد 17656 ہوگئی جبکہ اس مہلک وائرس سے 559 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری شدہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کے 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں مریضوں کی تعداد 4203 پہنچ گئی ہے جبکہ 507 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر ملک کی قومی راجدھانی دہلی ہے جہاں اب تک کل 2003 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 45 اموات ہوئی ہیں۔. دارالحکومت میں کل 290 لوگ صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔اس کے بعد گجرات میں سب سے زیادہ 1851 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 67 اموات ہوئی ہیں۔ ریاست میں اس بیماری سے 106 لوگ صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔راجستھان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1478 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں انفیکشن سے تین اور لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے ۔تمل ناڈو میں 105 نئے کیسزسامنے آئے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1478 اور مرنے والوں کی تعداد 15 ہے ۔ وہیں 183 لوگ اس بیماری سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں متاثرین کی تعداد 1485 اور اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 74 ہو گئی ہے ۔ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1176 ہو گئی ہے اور 17 لوگوں نے اب تک اس وائرس سے جان گنوائی ہے ۔ تلنگانہ میں اس وبا سے متاثرین کی کل تعداد 873 ہو گئی۔ریاست میں اس وائرس سے کل 21 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔کیرالہ میں 402 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور تین لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ جنوبی ہندوستان ریاست آندھرا پردیش میں 722 اور کرناٹک میں 394 لوگ متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 20 اور 16 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 390 جبکہ پانچ افراد اس خطرناک وائرس کے سبب دم توڑ چکے ہیں۔