سوپور میں تین اہلکاروں کی ہلاکت کا بہت جلد بدلہ لیا جائے گا: آئی جی سی آر پی ایف

0
0

ٹریننگ سینٹر میں سوپور حملے کے مہلوک اہلکاروں کی میتوں پر پھول مالائیں رکھیں اور خراج عقیدت پیش کیا
یواین آئی

سرینگر؍؍سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے انسپکٹر جنرل (آپریشنز) راجیش یادیو نے کہا کہ سوپور حملے میں تین اہلکاروں کی ہلاکت کا بہت جلد بدلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس لاک ڈائون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جنگجوئوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔راجیش یادیو نے یہ باتیں اتوار کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہمہامہ میں واقع سی آر پی ایف کے ریکروٹ ٹریننگ سینٹر میں سوپور حملے کے مہلوک اہلکاروں کی میتوں پر پھول مالائیں رکھنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہیں۔تقریب میں صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کے علاوہ دیگر سینئر سیکورٹی و سول انتظامیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی اور مہلوک اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی سی آر پی ایف نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘جنگجوئوں کے خلاف ہماری کارروائیاں برابر جاری ہیں۔ پرسوں ہی پلوامہ میں ایک تصادم ہوا جس میں دو جنگجو مارے گئے۔ کل میں اور آئی جی پی کشمیر (وجے کمار) سوپور گئے۔ اس حملے کا بہت جلد بدلہ لیا جائے گا۔ لاک ڈائون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جنگجوئوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی’۔انہوں نے سوپور حملے کے بارے میں کہا: ‘پورے کشمیر میں سی آر پی ایف کورونا وائرس لاک ڈائوک نافذ کرنے کے لئے تعینات ہے۔ سوپور میں بھی یہ لوگ لاک ڈائون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے تعینات تھے۔ حملے میں ہمارے تین جوان شہید ہوئے ہیں۔ لاک ڈائون کو یہاں پوری مستعدی سے نافذ کیا جارہا ہے۔ آگے بھی لاک ڈائون کو سختی سے نافذ کیا جائے گا’۔واضح رہے کہ ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور میں ہفتہ کی شام جنگجوئوں کے حملے میں 179 بٹالین سی آر پی ایف کے تین اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے۔ جنگجوئوں کی طرف سے سی آر پی ایف کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی۔مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل راجیو شرما ساکنہ بہار، کانسٹیبل سی بی بھاکرے ساکنہ مہاراشٹر اور کانسٹیبل پرما ستیہ پال سنگھ ساکنہ گجرات کے طور پر ہوئی تھی۔ زخمیوں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل بسوا جیت گوش اور کانسٹیبل جاوید احمد کے طور پر ہوئی تھی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا