بنکرتعمیربھی ایک فریب ثابت ہوا،گھرکھیت کھلیان شیل،گولے،مورٹارجیسے جان لیوا کھلونوں کی طرح بکھرے ہیں
اعجاز کوہلی
مینڈھر ؍؍سرحدی ضلع پونچھ کی مینڈھر تحصیل کے گائوں گوہلد کی پنچائت چوکی میں حکومت کی جانب سے انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کا اعلان کیا گیا تھا اور یہاں ان اعلانات کے بعد گائوں گوہلد کے کئی مقامات پر بنکروں کی تعمیر کا کام شروع ہوا اور ایک طویل عرصہ سے یہ بنکر امکمل نہ ہو سکے ۔نمائندہ کے مطابق گوہلد چوکی میں صرف دو بنکروں پر چھت پڑا ہے لیکن ان میں بھی پانی بھرا ہوا ہے۔واضح رہے گوہلد چوکی میں ہر جگہ بنکروں کی تعمیر نہ ہوئی ہے ۔عوامی حلقوں کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ ٹھیکیداروں نے ان بنکروں کی تعمیر سڑک کے نزدیک والے علاقہ میں کرنے کو ترجیحات میں شامل کیا اور آج تک مکمل نہ ہوسکے ۔عوامی حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ بنکروں کی تعمیر میں سیاست سرگرم رہی جہاں اثر رسوخ والے لوگ تھے ان کے گھروں کے پاس بنکروں کی تعمیر شروع ہوئی اور یہ بھی مکمل نہ ہو سکے۔ وہیں شفائت بی بی نامی ایک خاتون نے بتایا کہ ہمارے گھر کے پاس بنکر کیلئے کھدائی کر دی گئی لیکن بنکر تعمیر نہ ہو سکا انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بنکر بھی نہیں بنا اور اس جگہ ہم اب کچھ کر بھی نہیں سکتے۔علاوہ ازیں منشا بی بی نامی ایک خاتون نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ میں مستحق تھی ان بنکروں کی لیکن یہ میرے گھر کے پاس تعمیر نہ کیا گیا ۔واضح رہے گائوں گوہلد اکثر بیشتر پڑوسی ملک کی جانب سے کی جانے والی شیلنگ کا شکار رہتا ہے اور یہاں کی عوام کا کہنا ہے کہ نقصان ہونے کے بعد یہاںکسی قسم کی ریلیف وغیرہ آج تک نہیں دی گئی اور یہ گائوں ہمیشہ سے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل رہا ہے۔