کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم،اب فاقہ کشی تک نوبت آپہنچی ،حکومت فوری توجہ دے
افتحار جعفری
سرنکوٹ ؍؍مرکزی معاونت سے چلائی جانے والی مڈ ڈے میل اسکیم جہاں پہلے اسکولوں میں بچوں کو دی جارہی تھی لیکن جب سے کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہو چکا ہے اب اس اسکیم کے تحت بچوں کو سوکھے راشن کے طور پر دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ اسکولوں میں مڈ ڈے میل کو پکانے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے باورچی بھی تعینات کئے گئے ہیں جو کہ پچھلے کئی مہینوں سے تنخواہ سے محروم ہیں جس کی وجہ سے اس وقت انہیں گناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسکولوں میں تعینات شدہ باورچی محض 1000 ہزار روپے ماہانہ بطور تنخواہ لیتے ہیں لیکن پچھلے کئی ماہ سے وہ اس چھوٹی سی رقم سے بھی محروم ہیں اور اب نوبت فاکہ کشی پرآ پہنچی ہے۔اس ضمن میں متعددباورچیوں نے بتایا کہ پچھلے کئی ماہ سے انہیں تنخواہیں نہیں ملی ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ماہانہ 1000 روپے دئے جاتے تھے تاہم کئی ماہ سے وہ اس چھوٹی سے رقم سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جبکہ پورے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن ہے تو ان کے اہل وعیال فاکہ کشی پر مجبور ہیں۔انہو ں نے اعلیٰ حکام سے یہ اپیل کی ہے کہ اس مشکل وقت میں ان کی تنخواہیں واگزار کی جائیں تاکہ وہ اپنے اہل و عیال کا پیٹ پال سکیں۔ اس ضمن جب چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے غیر معلوم مصروفیات کی وجہ سے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔