نئی دہلی //ہندوستان اور متحدہ عرب امارات نے بدھ کو یہاں دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع میں چیف آف دی فورس ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ میجر جنرل اسٹاف حسن محمد سلطان بنی حماد اور دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار نے ایک ملاقات میں دفاعی تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل حماد نے منگل کو یہاں منعقدہ ہند-یو اے ای مشترکہ دفاعی تعاون کمیٹی کی 11ویں میٹنگ کے بارے میں بھی دفاعی سیکرٹری کو معلومات دی۔
دفاعی تعاون کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت جوائنٹ سیکرٹری (مسلح افواج) دنیش کمار اور جنرل حماد نے کی۔ اس ملاقات کے دوران فریقین نے افواج کے درمیان باہمی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان میں مشترکہ مشقیں، ماہرین کا تبادلہ، صنعتی شراکت داری اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں تعاون شامل ہے۔ اس کے علاوہ مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرنے اور دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کوآپریشن کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ سال متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔
جنرل حماد نے انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف ہیڈ کوارٹر میں ڈپٹی چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (پالیسی پلاننگ اینڈ ملٹری ڈیولپمنٹ) لیفٹیننٹ جنرل اتولیا سولنکی،سے بھی ملاقات کی۔ متحدہ عرب امارات کے وفد نے ہندوستانی دفاعی صنعتوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اورغازی آباد میں واقع بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ کا دورہ کیا۔