بٹھنڈی سنجواں روڈ پر ناجائز تجاوزیات کے نام پر انہدامی مہم قابل ِ مذمت:الطاف بخاری

0
0

لوگوں کو ہراساں نہ کیاجائے، غیر قانونی رہائشی کالونیوں کی ریگولر آئزیشن کا مطالبہ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے ناجائز تجاوزات کے نام پرجموں خاص کر بٹھنڈی۔ سنجواں روڈ پر چلائی گئی مہم کی کڑے لفظوں میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں الطاف بخاری نے سنجوا ں ۔بٹھنڈی سڑک اور ویو مال کے باہر نروال بائی پاس پر منہدم کئے گئے ڈھانچوں کے ارد گرد خاردار تار استعمال کرنے اور ناجائز تجاوزات مخالف مہم کی مذمت کرتے ہوئے اِس کو عوامی جذبات مجروح کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا’’حکومت سے اِس طرح کے سخت قدم کی ہم توقع نہیں رکھتے، مہم اتوار کو صبح اُس وقت شروع کی گئی جب لوگ ابھی اپنے گھروں میں تھے اور اِن میں سے کسی کو بھی طلاع نہ دی گئی، ذہنی طور ہراساں کرنا اور کسی سے چھت او ر روزی روٹی کا ذریعہ چھیننا غیر قانونی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ تیس چالیس برس قبل اِن لوگوں نے اپنے مکانات اور تجارتی مراکز تعمیر کئے تھے، اُس وقت کسی نے سوال نہیں اُٹھایا۔ دہائیوں بعد اچانک بغیر مطلع کئے اِ ن ڈھانچوں کا انہدام غیر منصفانہ عمل ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار میں اتنی طاقت کا مظاہرہ اچھی علامت نہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ اُجاڑے گئے کنبوں اور تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کرے اور اُن کے لئے بازآبادکاری منصوبہ ہو لیکن بجائے اِس کے زو رزبردستی سے لوگوں کو بغیر بازآبادکاری منصوبہ کے بے گھر کر دیا اور اتوار کو چند گھنٹوں کی مہم نے کئی کنبوں کو بے روزگار کر دیا۔ پارٹی صدر نے مزید کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ لوگوں کی تباہی اور اُنہیں بے گھر کرنے کی بجائے بازآبادکاری کرنے بارے سوچنا چاہئے، یہ معاملہ لوگوں کے ساتھ بات چیت کے ساتھ حل کیاجانا چاہئے اور مزید لوگوں کو بے گھر نہ کیاجائے۔ انہوں نے پولیس کی نفری اور جے سی بی مشینوں کے ساتھ یہ کارروائی کرنے پر انتظامیہ کی مذمت کی جس سے لوگوں میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پایاجاتا ہے جوکہ پہلے ہی حکومت کے کام کاج کے طریقے سے مایوسی کا شکا رہیں اور خود کو الگ تھلگ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ متاثرہ کنبوں کے ساتھ بات کی جانی اور اِس بات کو یقینی بنایاجائے کہ اُنہیں اپنی جگہوں سے ہٹایا نہ جائے۔ اپنی پارٹی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ ہر اُس حکومتی قدم کی مخالفت کرتی ہے جو لوگوں کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہاکہ ضلع جموں کے اندر متعدد غیر قانونی رہائشی بستیاں ہیں لیکن صرف چن چن کر چند بستیوں کو نشانہ بنایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ انتظامیہ جموں کی چند رہائشی بستیوں خاص کر بٹھنڈی اور سنجواں کو نشانہ بناکر عام لوگوں میں خوف ڈالنا چاہتی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ حکومت کو انسانی رویہ اپنانا چاہئے اور لوگوں کو غیر ضروری طور ہراساں اور اُنہیں بے گھر کئے بغیر پر امن طریقہ سے معاملہ کو حل کرنا چاہئے۔ الطاف بخاری نے مطالبہ کیاکہ غیر قانونی بستیوں کو مستقل کیاجائے۔ انہوں نے ایل جی سے گذارش کی کہ جموں میں مخصوص رویہ اختیار کر کے غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کے ذمہ دار افسران کے خلاف اعلیٰ سطحی کارروائی کی جانی چاہئے۔ دریں اثناء انہوں نے جموں ضلع میں ناجائز تجاوزات مخالف مہم متعلق تبصرہ کرنے پر لال چوک سرینگر کے شہری کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کی اور کہاکہ ایک غریب شخص پر پولیس کارروائی عام آدمی کی آواز کو دبانا ہے تاکہ اِس مہمات کے خلاف کوئی بھی مخالفت کرنے کی جرائت نہ کرسکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا