دربارموو:4مئی کوسرینگرمیں کھلیں گے دفاتر،’’ جو جہاں ہے وہ وہیں رہے گا ‘‘
سِول سیکریٹریٹ جموں میں ہی کام کرے گا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍حکومت نے آج گرمائی راجدھانی سرینگر میں دربار موو کے دفاتر 4 مئی 2020 ( سوموار)کو صبح ساڑھے نو بجے دوبارہ کھولنے کو منظوری دی ۔ جی اے ڈی کی طرف سے جاری کردہ ایک حکمنامے کے مطابق کووڈ 19 وبائی بیماری کے پھیلاؤ کے مدِ نظر سول سیکرٹریٹ جموں اپنا کام کاج جاری رکھے گا اور مووو کے ساتھ وابستہ ملازمین ’’ جو جہاں ہے وہ وہیں رہے گا ‘‘ کی بنیاد پر وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ملازمین سرینگر سے کام کاج شروع کریں گے اور جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے جموں سے ہی اپنا کام کاج جاری رکھیں گے ۔ اس کے علاوہ سول سیکرٹریٹ کے باہر موو کے ساتھ تعلق رکھنے والے دفاتر بھی جموں /سرینگر مندرجہ بالا نظام کے تحت اپنا کام کاج جاری رکھیں گے ۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی سیکریٹری متعلقہ محکموں کا کام کاج سرینگر اور جموں میں چالو کرنے کیلئے ضروری انتظامات کریں گے اسی طرح مختلف محکموں کے سربراہان جو دربار موو کے ساتھ وابستہ ہیں اسی طرح کے نظام کے مطابق انتظامات کریں گے ۔ سول سیکرٹریٹ ٹریجری اور جے اینڈ کے بنک موئینگ برانچ جموں /سرینگر میں قائم سول سیکرٹریٹ میں اپنا کام جاری رکھیں گے ۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ مناسب انتظامات عمل میں لائے گا ۔ اسی طرح سول سیکرٹریٹ کی ڈسپنسری بھی دونوں مقامات پر اپنا کام کاج جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں محکمہ صحت و طبی تعلیم دونوں ڈسپنسریوں کو جاری رکھنے کیلئے نظام ترتیب دے گا ۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے ملازمین جنہیں دربار موو کے ساتھ 25/26 اپریل2020 کو روانہ ہونا ہے کو جے کے آر ٹی سی ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرے گا ۔ ایسے ملازمین کو اگر ضرورت پڑی تو قومی شاہراہ پر روانہ ہونے کیلئے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اُن کے حق میں ضروری پاس کا اجراء کرے گا ۔ اسی طرح ضرورت کے مطابق محکمہ اسٹیٹس متعلقہ افسروں اور ملازمین کو سرکاری رہایش فراہم کرے گا ۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ دربار موو کے ساتھ وابستہ ملازمین کو یا تو جموں میں یا سرینگر میں اُن کی سہولیت کے مطابق راشن کارڈ کو استعمال کرنے کا اختیار ہو گا ۔ اس مقصد کیلئے محکمہ خوراک سول سپلائیز اور امور صارفین ملازمین کو راشن کارڈوں کا سرنڈر یا دوبارہ اجراء کرنے کی سہولیت فراہم کرے گا ۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن سول سیکرٹریٹ ، دیگر موو دفاتر اور رہایشی کالونیوں بشمول ہوٹلوں جنہیںملازمین کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے 4 مئی 2020 سرینگر میں دفاتر کھلنے سے قبل صحت و صفائی اور فیومی گیشن کا عمل ہاتھ میں لیا جائے گا ۔ ڈائریکٹر اسٹیٹس ایس ایم سی کو اس مقصد کیلئے تمام رہایشی کالونیوں /ہوٹلوں کی فہرست فراہم کرے گا ۔ سول سیکرٹریٹ جموں /سرینگر کے دفتری اوقات صبح ساڑھے نو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک جبکہ سول سیکرٹریٹ کے باہر قائم دفاتر کیلئے ہفتے کے چھ دن صبح دس بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک اپنا کام کاج جاری رکھیں گے ۔ مندرجہ بالا انتظام کو کووڈ 19 کے پھیلاؤ اور روکتھام کے عمل کو 15 جون 2020 کے بعد جائیزہ لیا جائے گا ۔