یواین آئی
اقوام متحدہ؍؍ عالمی وبا کوروناوائرس (کووڈ -19) پر بحث کے لئے جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پہلی میٹنگ ہوئی۔ یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی۔ ڈومینک ری پبلکن کے مشن نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ عالمی وبا کووڈ -19 پر بحث کے لئے سلامتی کونسل کی جانب سے پہلی ملاقات کی گئی۔ اس میٹنگ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیریس نے بھی حصہ لیا۔ڈومینک ری پبلکن نے کہا ہے کہ کوروناکے پیش نظر سلامتی کونسل کی جانب سے اٹھائے گئے ہر قدم کا وہ خیرمقدم کرے گا۔ مسٹر گٹیریس نے اس میٹنگ میں کہا کہ کووڈ -19 کی وجہ عالمی امن و سلامتی کے لئے پیدا ہوئے خطرات کو کم کرنے میں سلامتی کونسل کا اہم کردار ہو گا۔ بحران کے اس وقت میں سلامتی کونسل کو اتحاد اور عزم کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس میٹنگ میں کوروناکی وجہ پیدا ہوئے بہت عالمی بحران کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ کووڈ -19 کی وجہ سے دنیا بھر کے ممالک میں لوگوں کا عوامی اداروں پر سے اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے ۔کووڈ -19 کی وجہ معاشرے کے کمزور طبقوں کے سامنے بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے ۔ کم ترقی یافتہ ممالک اور ترقی پذیر ممالک کو سنگین چیلنج کا سامنا ہے ۔ اقتصادی عدم استحکام کی وجہ سے خاص طور پر خواتین کی زندگی پر اس کا منفی اثر پڑا ہے ۔بہت سے ممالک میں انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں جس سے وہاں سیاسی عدم استحکام پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ مسٹر گٹیریس نے کہا کہ یہ وقت سیاسی مواقع حاصل کرنے کا نہیں بلکہ اتفاق رائے سے فیصلے لے کر متحد ہوکر کووڈ -19 کے خلاف جنگ لڑنے کا ہے ۔اس وبا کی وجہ سے پیدا ہوئی صورت سے تشدد اور دہشت گردانہ واقعات بڑھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو بھی اس سے دھچکا لگا ہے