نئی دہلی، 9 اپریل ( یواین آئی ) ملک میں کورونا وائرس (كووڈ -19) سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 5865 اور اس کی وجہ سے 169 افراد کے ہلاک ہونے کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے اس وبا سے نمٹنے کے لئے قومی اور ریاستی سطح پر طبی نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے 15000 کروڑ روپے کی رقم منظور کی ہے ۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود نے ریاستوں کو ارسال کئے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ ’ كووڈ -19 ایمرجنسی رسپانس اینڈ ہیلتھ سسٹم پری پیئرڈ نس پیکج‘ کا مقصد ملک بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص اور علاج و معالجہ کی سہولیا ت کو بڑھانا ہے ۔ اس کے تحت لازمی طبی آلات اور ادویات کی خریداری، لیبارٹری بنانا، نگرانی بڑھانا اور وسیع پیمانے پرطبی نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے ۔ وزارتی گروپ نے اعلی سطحی میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور کورونا کی روک تھام ، انتظامات اور کورونا وائرس کے علاج کے لئے مقرر اسپتالوں کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں پي پی ای اور دیگر آلات کے لئے ملک میں 20 گھریلو مینوفیکچرر کو آرڈر دئے گئے ہیں اور پہلے جو آرڈر دیے گئے تھے، ان کی سپلائی شروع ہو گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا1.7 کروڑ پی پی ای اور 49 ہزار وینٹی لیٹر کے آرڈر دیے جا چکے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے غیر سرکاری تنظیموں اور خیراتی تنظیموں کو راحتی کارروائیوں کے لئے کھلی مارکیٹ کی شرح پر راست طور پر فوڈ کارپوریشن سے اناج خریدنے کی اجازت دی ۔اڈیشہ میں پر کورونا متاثرین کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ریاستی حکومت نے لاك ڈان کو 30 اپریل تک بڑھا دیا ۔ وزیر اعلی نوین پٹنائک نے جمعرات کو ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد ویڈیو پیغام کے ذریعے اس کی اطلاع دی ۔مہاراشٹر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 1،135 تک پہنچ گئی ہے اور اس سے 72 افراد ہلا ک ہو ئے ہیں ۔ اس کے بعد تمل ناڈو ہے جہاں اس سے 738 افراد متاثر ہیں اور ہلاک شدگان کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے ۔ مہاراشٹر میں واقع ایشیا کی سب سے بڑی جھگی بستی دھاراوی میں کورونا وائرس سے 14 افراد متاثر پائے گئے ہیں اور وہاں تین افرا د جاں بحق ہو ئے ہیں ۔