کسی کوفاقہ کشی کی نوبت نہ آنے پائے،گھرگھراشیائے ضروریہ پہنچانے کامِشن جاری
لازوال ڈیسک
جموں؍؍محلہ ویلفیئر کمیٹی گوجر نگر جموں کی جانب سے راشن و سبزیوں کی تقسیم کاری کا سلسلہ لگاتار 11ویں روز بھی جاری رہا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میںکورونا وائرس کی مہاماری کے دوران لاک ڈائون جاری ہے، جس سے معاشی طور کمزور طبقہ کے لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات لوگوں تک دیر سے پہنچنے کی وجہ سے کئی لوگ بھوک مری کا شکار ہو رہے ہیں۔ اسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے محلہ ویلفیئر کمیٹی گوجر نگر جموں کی جانب سے ضرورت مند لوگوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیاجا رہا ہے۔ اسی حوالے سے ’لازوال‘سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے ممبران کا کہنا تھا کہ اس وقت لوگوں کو ضروری سامان مہیا نہ ہونے سے کی وجہ سے بھوک مری کا شکار ہو نا پڑ رہا ہے۔ اْنہوں نے کہا لاک ڈائون کے دوران دیہاڑی دار مزدور اپنی روزانہ کی ضروریات کو پورا نہیں کر پا رہے ہیں، جس سے کئی خاندان فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں، انتظامیہ کی جانب سے دی جانے ریلیف بھی ناکافی ہے۔ کمیٹی کے رضاکاروں نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران گزشتہ 11روز سے کمیٹی ضرورت مند لوگوں میں سبزیاں، آٹا ، چاول اور دیگر ضروری سامان تقسیم کر رہی ہے اور آئندہ دنوں میں بھی وہ یہ کا م جاری رکھیں گے۔