خاندان کا کوئی بھی رکن شمشان گھاٹ بھی نہیں پہنچا
یواین آئی
امرتسر؍؍کورونا وائرس کووڈ -19′ کا شکار ہوئے میونسپل کارپوریشن کے سابق ایڈیشنل کمشنر جسوندر سنگھ کے اہل خانہ نے ان کی لاش لینے سے انکار کر دیا۔ ان کا پیر کی صبح کورونا وائرس کے سبب انتقال ہو گیا تھا۔ضلع ڈپٹی کمشنر شودلار سنگھ ڈھلوں کی ہدایت پر ایس ڈی ایم وکاس ہیرا، اے سی پی جسپریت سنگھ، تحصیل دار ارچنا، ایس ایچ او گرندر سنگھ اور دیگر حکام نے آج بابا شہید شمشان گھاٹ پر جسوندر سنگھ کی آخری رسوم ادا کی۔ ارتھی کو کندھا دینے اور چتا کو آگ دینے کے تمام کام پٹواری اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے کیا۔ایس ڈی ایم وکاس ہیرا نے بتایا کہ پہلے اسپتال اور پھر انہوں نے خاندان کے ساتھ جسوندر سنگھ کی آخری رسوم ادا کرنے کے لئے رابطہ کیا تھا، لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خاندان کے لئے تمام حفاظتی انتظامات جس میں کٹ، ماسک، دستانے، سینٹائزر وغیرہ شامل تھے، کا بھی انتظام کیا تھا، جس سے کسی کو کوئی خطرہ نہ ہو، لیکن اس کے باوجود بھی خاندان نے لاش لینے سے انکار کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ جسوندر سنگھ، جو اعلیٰ عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے، کی بیٹی بھی میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی ہے اور اس نے بھی انکار کردیا۔ یہاں تک کہ خاندان کا کوئی بھی رکن شمشان گھاٹ بھی نہیں پہنچا۔