یواین آئی
نئی دہلی؍؍کورونا وبا کے تعلق سے سوشل میڈیا پر فرضی خبریں اور پیغامات کے وائرل ہونے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ قابل سزا جرم ہے ۔ قصورواروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔وزارت داخلہ نے اپنے سائبر سیکیورٹی محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وبا کے تعلق سے واٹس ایپ،ٹویٹراور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی ، غیر مصدقہ اور گمراہ کن پیغامات وائرل کئے جا رہے ہیں۔ "ہمیں محتاط رہنا ہے اور ان پر یقین نہیں کرنا ہے اورنہ ہی ان کو پھیلانا ہے ۔وزارت نے کہا ہے کہ جعلی پیغامات یا خبریں پھیلانے والے شخص کو قانون کے مطابق سزا دی جاسکتی ہے ۔ اگر آپ کو کسی بھی پیغام کی صداقت پر شک ہے تو پہلے اس کی سچائی معلوم کرنے کی کوشش کریں۔وائرل ہونے والے میسج کی سچائی جاننے کے لئے ، حکومت کے انفارمیشن آفس سے ٹویٹر ہینڈل @ پی آئی بی فیکٹ چیک یا واٹس ایپ نمبر99711259 87 91 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کسی شخص کو کسی ایسے پیغام یا فرضی خبر کا پتا چلتا ہے جس سے فرقہ وارانہ تشدد پھیل سکتا ہے تو اس کی اطلاع پولیس کو دی جانی چاہئے ۔