دشوار گزار سفر اختیار کرنے والے تین مزدور از جان، ایک زخمی
یواین آئی
سرینگر؍؍جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال سے تعلق رکھنے والے تین مزدور ملک گیر لاک ڈائون کے باعث اپنے گھروں کو واپس پہنچنے کے لئے دشوار گزار راستہ اختیار کرنے کی وجہ سے از جان ہوگئے ہیں۔ ایک مزدور شدید طور پر زخمی ہوا ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سات مزدوروں پر مشتمل ایک گروپ نے گذشتہ روز لاک ڈائون کے پیش نظر بانہال میں اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کے لئے جواہر ٹنل کے بجائے دشوار گزار ویری ناگ کا پہاڑی راستہ اختیار کیا اور اس دوران گلیشیر پہاڑی سے پھسلنے کی وجہ سے تین مزدور از جان جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ متوفین کی شناخت دو بھائیوں غلام محی الدین و ریاض احمد ولد مولوی شفیع ساکنہ ہنجا ہل ڈولی گام بانہال اور زبیر احمد ساکنہ بانہال کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے متوفین کی لاشیں برآمد کرکے طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی ہیں جبکہ زخمی کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وادی سے بانہال کی طرف روانہ ہونے والے مزدوروں میں سے تین بانہال پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد بھی جب باقی مزدور اپنے گھروں کو نہیں پہنچے تو ان کے اہل خانہ نے پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد پولیس، فوج اور رضاکاروں نے تلاشی آپریشن شروع کرکے ایک لاش برآمد کی اور دیگر تین مزدوروں کو زخمی حالت میں پایا جہاں سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ہسپتال میں مزید دو کی موت واقع ہوئی جبکہ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں گذشتہ دو ہفتوں سے سخت ترین لاک ڈائون نافذ ہے۔ سڑکوں پر بڑی تعداد میں تعینات سیکورٹی فورسز اہلکار لوگوں کو نقل وحرکت کی اجازت نہیں دے رہے ہیں اور یہی ایک وجہ ہوسکتی ہے کہ ان مزدوروں نے دشوار گزار راستہ اختیار کیا تھا۔