کڑے امتحان میں ہر شخص ضرورتمندوں کی مدد کو سامنے آئے:عاشق خان
لازوال ڈپسک
جموں شیعہ فیڈریشن صدر و سینئر سیاسی رہنما عاشق حسین خان نے مذہبی ،سیاسی، غیر سرکاری اور سماجی تنظیموں پر زور دیاہے کہ وہ اس مشکل وقت میں مہلک کورونا وائرس سے براہ راست یا بالراست طور پر متاثر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے سامنے آئیں۔انہوںنے چندر کوٹ کے لوگوں کی ستائش کی جنہوںنے درماندہ مسافروں کیلئے امام بارگاہ کے دروازے کھول دیئے ہیں اور انہیں قیام کے ساتھ ساتھ طعام کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے ۔یہاں جاری بیان میں عاشق خان نے کہاکہ پوری دنیا ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اوراس سے جموں وکشمیر کے عوام بھی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں، کاروباری اداروں اور ٹرانسپورٹ سے جڑے افراد بیکار بیٹھے ہیں اورلاک ڈاﺅن کی وجہ سے جگہ جگہ درماندہ ہوجانے والے مسافر بھکمری کاشکار ہیں ،ایسے میں ہر شخص کو دوسرے کی مدد کرنی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ اس وبا پر قابو پانے کیلئے حکومت کی طرف سے کوششیں کی جارہی ہیں لیکن صرف سرکاری اقدامات پر اکتفا نہ کیاجائے بلکہ عوامی سطح پر بھی ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کو سرانجام دے اور خاص طور پرلاک ڈاﺅن کے باعث درماندہ ہوجانے والوں اوردیہاڑی دار مزدوروں و معمولی اجرت پر کام کرنے والوں کی معاونت کی جائے ۔عاشق خان نے کہاکہ یقینا یہ وقت کڑ ے امتحان کا ہے اور اس میں دوسروں کے کام آنا ہی سب سے بڑااجر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چند رکوٹ کے لوگوں نے ایک مثال قائم کی ہے اور اسی طرح سے دیگر سبھی لوگ بھی مدد کیلئے سامنے آئیں اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ کوئی آپ کے علاقے میں حالات کے رحم و کرم پر نہ رہے ۔