کورونا وائرس: راجوری میں لاک ڈاؤن اور سڑکیں بھی جام! کرفیو نافذ کیا جائے: عوام
عمرارشدملک
راجوری؍دیگر اضلاع کی طرح راجوری میں دوسرے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن رہا جبکہ سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب رہی اور صرف اہم اور ضروری خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اور دوکانوں کو اجازت دی گئی تھی تاکہ وہ لوگوں کی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کر سکے۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تاکہ سماجی طور پر رابطوں پر پابندیاں عائد ہوسکے کیونکہ کورونا وائرس لاعلاج امراض ہے جس پر قابو پانے کا واحد راستہ صرف احتیاط برتنا اور گھروں میں رہنا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی ادوایات کا ابھی تک نام و نشان نہیں۔ وہیں ضلع انتظامیہ راجوری نے بھی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی اور کنٹرول روم بھی قائم کیا تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ وہیں راجوری قصبہ میں کچھ علاقوں میں لوگ انتظامیہ کے حکم نامہ کی خلاف ورزی کرتے بھی دیکھے گے جس کے بعد مختلف علاقوں کے لوگوں سے بات کرنے پر انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری کی سراہنا کی اور کہا کہ بہتر انتظام کئے گے ہیں لیکن چند مفاد پرست لوگ ذاتی مفاد کے لئے سرگرم ہیں اس لئے ان سب ہر روک لگانے کی سخت ضرورت ہے اور ہم انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے کرفیو نافذ کیا جائے اور مکمل طور پر سماجی پروگراموں پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ وہیں اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ نے بتایا کہ ہم نے راجوری میں 31 قرنطینہ مراکز قائم کئے گے ہیں جن میں 1210 افراد کی گنجائش ہے اس کے علاوہ ضلع راجوری کو مکمل لاک ڈاؤن رکھا گیا ہے اور صرف اہم اور ضروری خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اور دوکانوں کو اجازت دی گئی ہے اس کے علاوہ میڈیا کو بھی بغیر پاس کے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون دے اور خود کو محفوظ رکھے اور اپنے گھر اور محلے کو محفوظ رکھے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے کہا کہ سماجی، مذہبی اور دیگر پروگراموں کو ملتوی کرنا ہی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ترین وقت میں بھی اخلاقی فریضہ انجام دینا ہی انسانیت ہے اور بغیر خوف ایک دوسرے کا ساتھ بھی دے۔