سرینگر؍؍کورونا وائیرس ( کووڈ 19 ) کے خطرات کے مدِ نظر صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے آج درگزن ڈل گیٹ میں قائم چسٹ ڈزیز ہسپتال اور جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال ( جے ایل ایم این ) کا دورہ کیا اور وہاں محکمہ صحت کی طرف سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہیں متعلقہ افسران نے متعلقہ مریضوں کیلئے کورنٹین سہولیات کے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ طبی رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے مشتبہ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کریں ۔ صوبائی کمشنر نے ہسپتال حکام کو ہدایت دی کہ وہ ہر صورت میں معقول صحت و صفائی کا اہتمام کریں ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر و دیگر اعلیٰ حکام صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔