یواین آئی
نئی دہلی؍؍کورونا وائرس میں مسلسل اضافہ پر نریندرمودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج کہاکہ فیصلہ کن اور موثر اقدام کرنے میں حکومت کی نااہلی کی ملک کو بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ کوروناوائرس کے بھیانک خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اور جنگی پیمانہ پر کارروائی ضروری ہے ورنہ ہندستان کو حکومت کی نااہلی کے لیے بہت بھاری قیمت اداکرنی پڑے گی۔کانگریس کے رہنما کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب ہندستان میں اس وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعدادبڑھ کر 151ہوگئی ہے جن میں 25گیر ملکی ہیں اور تین لوگوں کی دہلی ،مہاراشٹر اور کرناٹک میں موت ہوچکی ہے۔منگل کے روز مسٹر گاندھی نے کہاتھاکہ ہندستان کو صرف کوروناوائرس کے لیے ہی نہیں بلکہ آنے والی بھیانک معاشی تباہی کے لیے بھی تیار رہنا چاہئے۔مسٹر مودی پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے انھوں نے کہاتھا کہ زبردست معاشی بحران سراٹھائے کھڑاہے اوروزیراعظم کو اب حقیقت کا سامنا کرنا چاہئے۔مسٹر گاندھی نے کہاکہ وہ پہلے سے ہی حکومت کو خبر داررہنیکے لیے کہہ رہے ہیں مگر کوئی انکی سن نہیں رہاہے۔مسٹر گاندھی نے پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاتھا کہ ’’مجھے یہ کہتے ہوئے بہت افسوس ہورہاہے کہ ہمارے عوام کو آئندہ چھ ماہ میں جن مصائب کا سامنا ہونے والا ہے اسکا تصور نہیں کیاجاسکتا۔‘‘کانگریس کے سابق صدر کورونا وائرس میں اضافہ اور اسکے معیشت پر منفی اثرات کے حوالہ سے حکومت پر مسلسل حملے کرتے رہے ہیں