مزید تین مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت، تعداد 6 ہوگئی
یواین آئی
لیہہ؍؍لداخ یونین ٹریٹری میں مزید تین مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس سے اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی ہے۔لداخ یونین ٹریٹری کے کمشنر سکریٹری رگزن سیمفل نے منگل کے روز یہاں میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا: ‘لداخ میں کورونا وائرس کے مزید تین کیسز کی رپورٹ مثبت آئی ہے جن میں سے ایک کیس کرگل کے سانکو علاقے کا ہے اس کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرکے پانچ لوگوں کے ایک جگہ پر جمع ہونے پر پابندی لگائی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جو شخص بھی ان مریضوں جن کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، کے ساتھ رابطے میں رہے ہوں یا جن کو اس وائرس کی کوئی علامت ہے وہ اس بات کو چھپانے کے بجائے اپنے ضلع ہسپتال میں جاکر ٹیسٹ کرائیں۔موصوف کمشنر سکریٹری نے کہا کہ ان تینوں مریضوں کو علاحدہ وارڈوں میں رکھا گیا ہے اور باقی تین پہلے ہی علاحدہ نگہداشت میں تھے۔انتظامیہ نے اس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے یونین ٹریٹری کے دونوں اضلاع لیہہ اور کرگل میں تمام تعلیمی اداروں کو پہلے ہی بند کردیا ہے۔ نیز لیہہ ضلع انتظامیہ نے روم بوک اور اولیہہ کے دو علاقوں میں، جہاں چیتے کو دیکھنے کے لئے کافی لوگ آتے ہیں، لوگوں کے جانے پر ایک ماہ تک پابندی بھی عائد کی ہے۔ضلع مجسٹریٹ کرگل بشیر الحق چودھری نے منگل کے روز ضلع کرگل میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت ضلع میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی۔ کرگل میں مقیم صحافی سجاد حسین کے مطابق چھ مریضوں کی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے باوجود ضلع میں کورونا وائرس کی جانچ کے لئے اب تک کوئی لیبارٹری قائم نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کا زمینی رابطہ منقطع رہنے کی وجہ سے یہ خطہ دنیا کے باقی حصوں سے کٹا ہوا ہے اور اس کے پیش نظر یہاں کورونا وائرس جانچ لیبارٹری کا قائم کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔ دریں اثنا لداخ انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرے کے بیچ کم از کم چار ماہ تک بند رہنے کے بعد رواں ہفتے کھلنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر تمام مسافروں کی سکرینگ ہوگی جس کے لئے ضلع انتظامیہ کرگل نے اپنی حکمت عملی بھی مرتب کرلی ہے۔ اس ضمن میں مین مرگ اور دراس میں سکرینگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔دریں اثنا رکن پارلیمان لداخ جمیانگ سیرنگ نمگیال اور دیگر مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے گذشتہ روز قومی راجدھانی نئی دہلی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی اور لداخ میں پھنسے زائرین اور طلبا کی فوری وطن واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔