میڈیا برادری اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍پریس کونسل آف اِنڈیا کی تین رُکنی سب کمیٹی جو اِن دنوں کشمیر کے چار روزہ دورے پر ہے ،نے آج بارہمولہ کا دورہ کیا۔جہاں اُنہوں نے میڈیا برادری کے ارکان کے ساتھ بات چیت اور اُنہیں درپیش معاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔پی سی آئی ٹیم کی سربراہی بلوندر سنگھ جموں کر رہے ہیں جبکہ کمل نائین نارنگ اور سیّد رضا حسین رضوی ا س کمیٹی کے دیگر دو ممبران ہیں ۔ٹیم نے متعدد مقامی اور قومی اخبارات کی نمائندگی کرنے والے میڈیا اَفراد ، فوٹو جرنلسٹس ، ویڈیو جرنلسٹس اور نیوز ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اِن ارکان نے ٹیم کو اپنے اپنے مشکلات سے روشناس کرایا۔ اِس سے قبل بارہمولہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر جی این ایتو نے سب کمیٹی کو ضلع کے ترقیاتی منظر نامے اور وہاں عملائی جارہی متعدد سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے ٹیم کو بتایا کہ بارہمولہ ضلع نے مرکزی معاونت والی سکیموں اور پروگراموں کی عمل آوری میں نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر حارث احمد ہنڈو اور محکمہ کے کئی دیگر اَفسران اِس موقعہ پر موجو دتھے۔