نئی دہلی،14مارچ(یواین آئی)ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا 84لوگوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 10مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔متاثر افراد کے رابطے میں آئے چار ہزار سے زیادہ لوگوں کا پتہ لگا لیاگیاہے جنہیں نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے خصوصی سکریٹری سنجیو کمار نے ہفتے کو یہاں کورونا وائرس کے انفیکشن سے پیدا حالات سےنمٹنےکےلئے مرکزی حکومت کی تیاریوں کی یہاں میڈیا بریفنگ میں اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد فی الحال 84ہوگئی ہے جن میں سے 10مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی بھی دےدی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن سے نمٹنے کےلئے ملک میں اس وقت پوری طرح تیار لیب کی تعداد 52ہوگئی ہے۔مرکزی حکومت غیر ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کے سلسلے میں کافی محتاظ ہے اور ماہان ایئرلائنس کی ایک فلائٹ ایران میں پھسے ہندوستانیوں کے سلسلے میں آج آدھی رات ممبئی پہنچ جائےگی۔اس کےعلاوہ ایئرانڈیا کی ایک خصوصی پرواز اٹلی کے ملان سے ہندوستانی طلبہ کولے کر آئےگی۔
مسٹرکمار نے کہا کہ ہندوستانی شہریوں کو غیر ضروری ملکوں کے سفر سے بچنے کی صلاح دی گئی ہے اور جن ملکوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملے زیادہ ہیں یا جہاں اس کے اثر سے مرنے والوں کی رپورٹ بار بار مل رہی ہیں،لوگوں کو وہاں کاسفر نہ کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔