یواین آئی
نئی دہلی؍؍کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کانگریس کی زیراقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلی کو خط لکھ کر کرونا وائرس پھیلنے سے روکنے والے ذرائع کی حسب ضرورت فراہمی اور روک تھام کے لئے بیداری پیدا کرنے جیسے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔محترمہ گاندھی نے جمعرات کو پنجاب کے وزیر اعلی امریندر سنگھ، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور پڈوچیری کے وزیر اعلی وی نارائن سامی کو لکھے خط میں کہا کہ اس خطرناک بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات اولین ترجیح کی بنیاد پر کئے جائیں اور اس سے بچنے کے لئے ماسک وغیرہ ذرائع کی پیداوار 40 فیصد تک بڑھایا جائے تاکہ لوگوں میں ضروری اشیاء کی کمی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان ذرائع کی کالا بازاری نہ ہو اس پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومت کو ہر وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے اس لئے حکومت اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے۔ اس کے لئے الگ سے میڈیکل سینٹر بنانے اور ہیلتھ ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کی سمت میں ضروری قدم اٹھائے جانے چاہئے۔کانگریس صدر نے کہا کہ ملک میں کووڈ -19 کے معاملوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس سے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے جانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے مقامی زبان میں ہیلپ لائن شروع کی جانی چاہئے۔