یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کی شام کو ایک تویرا گاڑی سڑک سے لڑھک کر دریائے چناب میں جا گری۔ گاڑی کے ڈرائیور کی لاش دریا سے نکالی گئی جبکہ گاڑی میں سوار دیگر افراد جن کی تعداد ایک یا دو بتائی جارہی ہے کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔آئی جی ٹریفک پولیس ٹی نمگیال نے بتایا کہ اس تویرا میں سوار دو لوگوں میں سے ڈرائیور کی لاش بر آمد کی گئی ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر بچاؤ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تویرا میں ڈرائیور سمیت دو ہی سواریاں تھیں۔موصوف آئی جی نے، کھنہ بل ٹیکسی اسٹینڈ سے موصولہ اطلاعات کی بناء پر، مہلوک ڈارئیور کی شناخت مشتاق احمد نندا ولد منظور احمد نندا ساکن کے پی روڈ اننت ناگ جبکہ لاپتہ مسافر کی شناخت ارشاد احمد ساکن بانڈر پورہ بجبہاڑہ اننت ناگ کے بطور ظاہر کی ہے۔ذرائع کے مطابق دریائے چناب سے تویرا گاڑی کو بھی بر آمد کیا گیا ہے اور لاپتہ مسافر کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کھنہ بل اننت ناگ سے جموں جارہی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ تاہم یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا اس گاڑی میں دو ہی سواریاں تھیں یا زیادہ۔ذرائع نے بتایا کہ بچاؤ ٹیم نے جائے وردات سے سریش کمار ولد تلک راج ساکن پٹھان کوٹ کا شناختی کارڈ بھی بر آمد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کو دریا سے قریب 17 گھنٹوں کے بعد بر آمد کیا گیا۔بچائو ٹیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گاڑی میں کتنے افراد سوار تھے یہ ابھی تک معلوم نہیں ہوپایا ہے۔ بقول ان کے کافی مشقت کے بعد ایک لاش برآمد کی گئی ہے۔ ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمان نے بتایا: ‘یہ گاڑی اننت ناگ سے چلی تھی۔ اس میں ٹریفک پولیس کے مطابق دو سے تین افراد سوار تھے۔ ٹریفک پولیس نے اس گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی کیونکہ وہاں پتھر گر رہے تھے۔ وہاں گاڑیوں کے لئے نکلنے کی جگہ بہت تنگ تھی اور ہوسکتا ہے کہ یہ گاڑی اسی دوران لڑھک کر دریائے چناب میں گر گئی ہو’۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘آج صبح جب ہم نے وہاں بچائو کارروائی بحال کی تو ہم نے ایک لاش برآمد کی۔ ہم نے گاڑی کو بھی پانی سے باہر نکالا ہے۔ یہ حادثہ گاڑی تیز چلانے کی وجہ سے ہوا ہے’۔