جموں وکشمیر اور آندھرا پردیش کے درمیان مفاہمت نامہ طے
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ملک کے جنوب مشرقی علاقوں سے سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے جموںوکشمیر کے ٹوراینڈ ٹریول آپریٹرس نے آندھرا پردیش کی ٹور اینڈ ٹریول ایسو سی ایشن کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ طے کیا ہے ۔ اِس مفاہمت نامے پر جموںوکشمیر محکمہ ٹوراِزم کی جانب سے وِجے واڑہ میں منعقدہ روڈ شو اور سیاحتی مہم کے دوران دستخط کئے گئے۔مفاہمت نامے پر جے کے ٹی اے کے چیئرمین منظور احمد پختون اور ٹی اے اے کے صدر وِجے موہن نے آندھرا پردیش کی ٹوراز م ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی پروین کمار ،سرنسر مانسر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او ناگندر سنگھ جموال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر ڈاکٹر جاوید الرحمان کی موجودگی میں دستخط کئے۔اِس موقعہ پر موجود شخصیات نے جموںوکشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنی آرأ اور تجاویز دیں۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیر سیاحوں کے لئے اِنتہائی محفوظ مقام ہے ۔مفاہمت نامہ طے پانے کے بعد ٹی اے اے کے صدر نے کہا کہ وہ اور اُن کی انجمن جموںوکشمیر کی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کا م کرے گی۔منظور احمد پختون نے وِجے واڑہ کے ٹریول ایجنٹوں اور ہوٹل مالکان کو یقین دِلایا کہ جموںوکشمیر کے ٹورآپریٹر سیاحوں کو بہترسے بہتر سہولیات فراہم کریں گے۔