لوک سبھا کی کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی
یواین آئی
نئی دہلی؍؍دہلی میں گزشتہ دنوں ہوئے تشدد کے خلاف اپوزیشن اراکین نے پیر کو لوک سبھا میں جم کر ہنگامہ کیا اور حکمراں فریق کے اراکین کے ساتھ ہاتھا پائی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے تین مرتبہ کارروائی ملتوی کئے جانے کے بعد آخر کار ایوان کی کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔لوک سبھا کی کارروائی تین بار ملتوی کئے جانے کے بعد ساڑھے چار بجے جیسے ہی شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے کہاکہ اراکین کو ایوان کا وقار قائم رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ آج دوپہر بعد دو بجے ایوان میں جو کچھ ہوا اس سے انہیں دکھ ہوا ہے ۔مسٹر برلا نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ پارلیمنٹ کا وقار قائم رکھیں۔ سینئر رکن مداخلت کرکے ایوان کا وقار قائم رکھیں۔ آج جو ہوا اس سے میں ذاتی طورپر بہت دکھی ہوں۔ میں ایسی حالت میں ایوان نہیں چلا سکتا۔ سب مل کر غورو خوض کرلیں۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی منگل صبح گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔ہنگامہ کی وجہ سے ایوان میں آج کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔ ہنگامہ کے درمیان ہی مسٹر برلا نے دوپہر بعد دو بجے ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھوائے اور طبی اسقاط حمل (ترمیمی) بل اور معدنی اصول (ترمیمی) بل پیش کئے گئے ۔اس سے پہلے تینوں مرتبہ کارروائی ملتوی کئے جانے کے باوجود دونوں فریق کے کئی اراکین ایوان میں ہی بیٹھے رہے ۔ انہوں نے کارروائی ملتوی رہنے کے دوران بھی ایوان کے اندر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔اس سے پہلے صبح گیارہ بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی بہار کے والمیکی نگر پارلیمانی حلقہ سے موجودہ لوک سبھا کے رکن رہے ویدھناتھ پرساد مہتو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی تھی۔دوپہر دو بجے جب کارروائی شروع ہوئی تو کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ہنگامہ کرتے ہوئے ایوان کے درمیان میں آگئے ۔ اسپیکر اوم برلاس نے ہنگامہ کے درمیان ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھوائے ۔ انہوں نے ڈائرکٹ ٹیکس تنازعہ پر اعتماد کا بل، 2020پر بحث کی شروعات بھی کرائی لیکن ایوان میں تلخ نونک جھونک اور کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین کے مابین ہاتھا پائی کی صورتحال پر دوپہر تین بجے کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔تین بجے جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی تو پھر جم کر ہنگامہ ہوا جس کے پیش نظر قائم مقام اسپیکر رما دیوی نے ایوان کی کارروائی چار بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔ انہوں نے صرف اتنا کہاکہ اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ کرنا نامناسب ہے ۔چار بجے ایک بار پھر جب کارروائی شروع ہوئی تو کچھ اپوزیشن اراکین پہلے سے اسپیکر کی کرسی کے نزدیک آچکے تھے ۔ قائم مقام اسپیکر کرٹ سولنکی نے ایوان کی کارروائی ساڑھے چار بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔