لازوال ڈیسک
جموں؍؍صنعت و حرفت محکمہ کے کمشنر سیکرٹری منوج کمار دِویدی نے آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر انوسٹرس سمٹ کے اِنعقاد کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران سیکرٹری موصوف نے حال ہی میں مکمل کئے گئے روڈ شوز کی حصولیابیوں کا جائز ہ لیا او رمتعلقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں۔اُنہوں نے اِس سلسلے میں دفتری ویب سائٹ www.jkinvestorsummit.com پر تفصیلات اَپ لوڈ کرنے پر بھی زور دیا۔منوج دِویدی نے دارالخلافائی شہروں جموں اور سری نگر میں سمٹ کے لئے کی جارہی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔اُنہوں نے سمٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کو متحرک کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے سرمایہ کاری سہولیت سیل کو بھی متحرک کرنے اور اِس سلسلے میں وصول ہونے والے استفسارات کا جواب دینے کی ہدایت دی تاکہ سرمایہ کاروں کی صحیح رہنمائی کی جاسکے۔میٹنگ میں ایم ڈی ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن رویندر کمار ناظم صنعت و حرفت جموں انو ملہوترا، ناظم صنعت و حرفت کشمیر محمود احمد شاہ ، ایم ڈی سیکاپ اتل شرما اور دیگر افسران موجو دتھے۔