ریئل کشمیر نے انڈین ایروز کو ایک – صفر سے شکست دے دی
سری نگر، (یو این آئی) سری نگر کے ٹی آر سی گرائونڈ میں پیر کے روز قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ ہیرو آئی لیگ سیشن 2019-20 میں میزبان ٹیم ریئل کشمیر نے انڈین ایروز کو ایک – صفر سے ہرا کر موخر الذکر ٹیم پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔قبل ازیں ریئل کشمیر نے انڈین ایروز کو 26 جنوری کو کھیلے گئے مقابلے میں ہوم گراؤنڈ پر دو – صفر سے شکست دے دی تھی۔رئیل کشمیر اور انڈین ایروز کے درمیان یہ میچ اس وقت کھیلا گیا جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بھارت آمد کے پیش نظر وادی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔وادی میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری خوشگوار موسم کے بیچ پیر کے روز رئیل کشمیر نے انڈین ایروز کو ایک – صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پانچویں جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ ریئل کشمیر پانچویں پوزیشن پوزیشن پر آگیا ہے۔ریئل کشمیر کے بازی ارمنڈ نے میچ کے سیکنڈ ہالف کے دوران70 ویں منٹ میں شاندار طریقے سے گول داغ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا جس پر وہاں موجود شائقین نے کھڑے ہوکر داد دی۔سری نگر کے قلب اور بلند قامت چنار کے درختوں کی گود میں واقع ٹی آر سی گراؤنڈ میں ہیرو آئی لیگ سیشن 2019-20 کا یہ 71 واں مگر سری نگر میں کھیلا جانے والا چوتھا میچ دن کے ٹھیک دو بجے شروع ہوا۔ریئل کشمیر فٹ بال کلب کا یہ بارہواں میچ تھا جن میں سے اس نے5 میچ جیتے ہیں اور 4 میچوں میں شکست کھائی ہے جبکہ 3 میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوئے ہیں۔ ریئل کشمیر نے مجموعی طور پر 18 پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور پانچویں پوزیشن پر فائز ہوا ہے۔ انڈین ایروز نے تیرہ میچوں میں سے صرف 2 میچ جیتے ہیں 9 ہارے ہیں جبکہ 2 میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوئے ہیں۔ انڈین ایروز نے گیارہویں پوزیشن پر ہے اور اس کے کھاتے میں صرف آٹھ پوئنٹس ہیں۔یو این آئی