احمدآباد؍؍امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نریندرمودی آج یہاں ایک زبردست روڈ شو ‘انڈیا روڈشو’اور اس کے بعد دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگ‘ نمستے ٹرمپ ’پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔مسٹر مودی تقریباً صبح 10بجے یہاں پہنچے ہیں اور وہ ہوائی اڈے پر مسٹر ٹرمپ کی قیادت کریں گے جس کے بعد 20کلومیٹر سے زیادہ لمبا روڈ شو شروع ہوجائے گا۔اس دوران وہ شہر ہوائی اڈے سے مہاتما گاندھی کے تاریخی سابرمتی آشرم جائیں گے اور وہاں کچھ وقت بتانے کے بعد واپس روڈ شو کرتے ہوئے شہر کے موٹیرا علاقے میں نوتعمیر شدہ سردار پٹیل اسٹیڈیم پہنچیں گے جہاں نمستے ٹرمپ پروگرام میں شرکت کریں گے ۔اس پروگرام میں وزیراعظم نریندرمودی اور صدر ٹرمپ مشترکہ طورپر عوام سے خطاب کریں گے ۔اس سے پہلے مشہور صوفی گلوکار کیلاش کھیر سمیت کئی فن کار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے ۔اسٹیڈیم کے مالکانہ حقوق رکھنے والے گجرات کرکٹ یونین کے صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی اس موقع پر موجود رہیں گے ۔صدر ٹرمپ آج دوپہر تقریباً 12بجے یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے جہاں وزیراعظم ان کا استقبال کریں گے ۔یہ کسی بھی امریکی صدر کا گجرات کاپہلا دورہ ہوگا۔ہوائی اڈے پر ہی زبردست استقبال کے بعدمسٹر ٹرمپ مسٹر مودی کے ساتھ 20کلومیٹر سے بھی زیادہ لمبے ‘انڈیا روڈ شو’ میں شرکت کریں گے ۔اس کے بعد نمستے ٹرمپ پروگرام ہوگا۔دونوں پروگراموں کے پیش نظر 14ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیاگیاہے ۔پورے راستے میں دونوں رہنماؤں کے بڑے بڑے کٹ آؤٹ اور ہورڈنگس لگائے گئے ہیں ۔نمستے ٹرمپ پروگرام کی شروعات دوپہر ایک بج کر پانچ منٹ پر ہوگی۔مسٹر ٹرمپ کے لئے اس دورے کے دوران کھمن سمیت کئی روایتی گجراتی پکوان پیش کئے جائیں گے ۔اس دوران،مسٹر ٹرمپ کے سابرمتی آشرم آنے کے سلسلے میں جاری قیاس آرائیوں کا بھی کل خاتمہ ہوگیا اوروہاں کے ٹرسٹی امت مودی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کچھ وقت کے لئے وہاں پہنچیں گے ۔آشرم احاطے میں مسٹر ٹرمپ کے استقبال کے لئے کافی تیاریاں بھی کی گئی ہیں۔سرکاری پروگرام کے مطابق مسٹر ٹرمپ روڈشو کے دوران دوپہر سوا بارہ بجے یہاں رانپ علاقے میں واقع مہاتما گاندھی کے اس تاریخی آشرم پر پہنچیں گے جہاں یہاں آنے والے ہر بڑے سربراہ مملکت کو روایت کے طورپر لایا جاتا رہا ہے ۔وہ اور ان کی اہلیہ میلینیا ٹرمپ،مسٹر مودی کے ساتھ آشرم میں سابرمتی ندی کے کنارے بھی کچھ وقت گزاریں گے ۔ہوائی اڈے سے ہی شروع ہونے والے روڈ شو کے دوران سڑک کے کنارے بنے 28اسٹیجوں پر فن کار ہندوستانی ثقافت کی جھلک پیش کرتے ہوئے رنگارنگ پیش کش دیں گے ۔