اجمیر، 19 فروری (یواین آئی) راجستھان کے اجمیر میں دنیا کے مشہور صوفی سنت خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 808 ویں سالانہ عرس کا جھنڈا کل درگاہ کے 85 فٹ اونچے بلند دروازے پر چڑھایا جائے گا۔
پرچم کی روایتی رسم کو ادا کرنے کیلئے بھیلواڑہ کے لعل محمدغوری خاندان کے رکن منگل کی شب اجمیر پہنچ گئے۔
جمعرات کو عصر کی نماز کے بعد تقریباً 5.30 بجے پرچم کا جلوس درگاہ مہمان ہاؤس سے مکمل تزک و احتشام کے ساتھ شروع ہو گا جو لنگر خانہ گلی ہوتے درگاہ کے نظام گیٹ سے داخل ہوکر بلند دروازہ پہنچ کر قریب سات بجے پرچم چڑھانے کی رسم مکمل کر لی جائے گی۔ اس دوران درگاہ کے پیچھے پیر صاحب کی پہاڑی سے 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ جھنڈے کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے درگاہ کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
پرچم کی روایتی رسم غوری خاندان کے پوتے فخرالدین غوری اور سید معروف احمد کی جانب سے اداکی جائے گی۔ اس سے پہلے جھنڈے کو چومنے کے لئے ہزاروں مسلمانوں کی دلچسپی رہتی ہے اور دھکا مکی عام طور سے دیکھا جاتا ہے۔
اسلامی کیلنڈر کے مہینہ جمادی الثانی کی 25 تاریخ کو پرچم چڑھانے کی روایت چلی آ رہی ہے، اس وجہ سے انگریزی تاریخ 20 فروری کو پرچم چڑھائے جانے کے ساتھ ہی عرس کا غیر رسمی طور پر آغاز ہو جائے گا۔ رجب ماہ کا چاند دکھائی دینے پر 24 یا 25 فروری سے عرس کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور زائرین کیلئے جنتی دروازہ بھی کھول دیا جائے گا۔