ہند۔پاک قیادت قیام امن کیلئے اپنا رول ادا کریں :مظفر حسین بیگ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سرپرست اور سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ نے کہا ہے کہ ڈومیسائل حقوق کی بحالی بھی لازمی ہے ۔انہوں نے ہند ۔پاک کے درمیان بہتر تعلقات کو قیام امن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مخاصمت کے بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کرکے خطے میں قیام امن کو یقینی بنانے میں اپنا رول ادا کریں ۔جموں میں ’پہاڑی ویلفیئر کلچرل فورم ‘ کی جانب سے منعقدہ ایک سمینار میں خطاب کر تے ہوئے مظفر حسین بیگ نے کہا کہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونا چاہئے جبکہ یہاں کے عوام کو جائیداد کے مالکان اور روزگار کے حقوق کی ضمانت بھی ملنی چاہئے ۔ان کا کہناتھا کہ اس کے ضروری ہے کہ دیگر ریاستوں کی طرح یہاں بھی دفعہ371کو نافذ کیا جائے ،جوکہ35اے کا نعمل البدل ثابت ہو سکتا ہے ۔اس سمینار میں پی ڈی پی ،این سی ،کانگریس اور بھاجپا کے کئی لیڈران نے شرکت کی ۔سمینار سے خطاب کرتے ہوئے مظفر حسین بیگ نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر خاص طور وادی کشمیر میں ملی ٹنسی کو فروغ دینے کیلئے کئی سیاسی رہنما ذمہ دار ہیں ۔تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی کا نام نہیں لیا ۔مظفر حسین بیگ نے کہا کہ نئی دہلی کو جموں وکشمیر میں آگے بڑھنے کیلئے سیاسی عمل کو پروان چڑھانے چاہئے ،جسکے لئے ضروری ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط سے مضبوط بنایا جائے ۔مظفر حسین بیگ نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ،تاہم پٹھان کورٹ جیسے واقعات نے دونوں ممالک کے درمیاں خلیج پیدا کی ۔ان کا کہناتھا کہ1858میں انگریزوں نے ملک ہندوستان پر راج کرنے کیلئے پھوٹ ڈالوں اور حکومت کرو کی پالیسی اپنائی اور ہندو ۔مسلم فسادات کو جنم دیا ،تاہم شا عر مشرق علامہ سر محمد اقبال ؒ نے ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا۔۔‘ کی نظم قلمبند کرکے انگریزوں کو جواب دیا ۔ مظفر حسین بیگ نے ہند پاک ۔کے درمیان بہتر تعلقات کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو آپسی تلخیاں مٹا کر خطے میں قیام امن کیلئے اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا ’اگر تقسیم ہند نہیں ہوتا تو آج ہندوستان ایک بہت بڑا ملک ہونے کیساتھ دنیا کی عالمی معیشت ہوتا ‘۔مظفر حسین بیگ نے کہا کہ ڈوگرا مہارجہ نے بھی جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے نمایاں اور کلیدی کردار ادا کیا ۔انہوں نے پدم بھوشن ایوارڈ ملنے پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا ۔اس سمینار میں جن لیڈران نے شرکت کی اُن میں گرچین سنگھ چاڈک ،یاسر ریشی ، عبدالغنی کوہلی ،رفیق شاہ ،راجہ اعجاز علی اور محمد رشید قریشی شامل ہیں ۔