ڈاکٹر رفیق انجم تحقیقی مرکز کے کوآرڈینیٹر مقرر
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍حال ہی میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجور ی کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سال2020ء سے علاقائی زبانوں یعنی گوجری،پہاڑی اور کشمیری کو الیکٹیو(Elective)کورس کے طور پر شامل نصاب کیا گیاہے جس میں کسی بھی پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے طلبہ وطالبات ان زبانوں کو اختیار کرسکتے ہیں ۔یہ بات قابل توجہ ہے کہ علاقائی زبانوں سے متعلق تحقیقی مرکز کا قیام کافی مدت سے زیر غور تھا اور کئی علاقائی تنظمیں یہ چاہتی تھیں کہ باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں علاقائی زبانوں کا ایک تحقیقی مرکز ہو ۔یہ بات باعث ِ مسرت ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت صاحب نے خطہ ٔ پیر پنچال کے عوام کی ایک دیرینہ مانگ کو عملی صورت دینے میں پہل کی ہے ۔ ڈاکٹر رفیق انجم کو علاقائی زبانوں کے تحقیقی مرکز کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے ۔خطۂ پیر پنچال جموں کشمیر کا واحد ایک ایسا خطہ ہے جہاں گوجری،پہاڑی اور کشمیری بولنے والوں کی کثیر تعداد ہے۔عوام کی ایک دیرینہ مانگ پوری ہوئی ہے جس کے لیے خطہ پیر پنچال کی مختلف ادبی تنظیموں نے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت صاحب کا شکریہ ادا کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔