کسی اشتعال میں آئے بغیر شہریوں کو فسادیوں سے محفوظ رکھنا دہلی پولیس کا فرض ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ پولیس کسی کی دشمن نہیں بلکہ عام شہریوں کی بھلائی چاہتی ہے ، مذہب اور ذات سے اوپر اٹھ کر کام کرتی ہے نیز امن و قانون کی دوست ہے ۔ اس لئے ہمیشہ اس کا احترام کیا جانا چاہیے ۔مسٹر شاہ نے دہلی پولیس کے 73 ویں یوم تاسیس کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ دلی پولیس صرف دہلی کی پولیس فورس نہیں بلکہ ملک کے دارالحکومت کی پولیس فورس ہے ، جس کی وجہ سے پورے ملک کو اس سے ترغیب ملتی ہے لہٰذا کسی اشتعال میں آئے بغیر شہریوں کو فسادیوں سے محفوظ رکھنا دہلی پولیس کا فرض ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب عام شہری تہواروں کی دھوم میں مست رہتے ہیں اس وقت پولیس کے جوان تہوار منانے کی بجائے اپنا فرض ادا کرتے ہیں اور مذہب ذات سے اوپر اٹھ کر اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک کئے بغیر امن و امان قائم کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس لئے پولیس کا احترام ضروری ہے ۔ ہر شہری کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ پولیس ہماری حفاظت کے لئے ہے ، صرف اس پر تنقید کرنا یا فسادیوں کا اسے نشانہ بنانا ٹھیک نہیں اور ان کے کام کو سمجھنا ضروری ہے ۔وزیر داخلہ نے یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے دہلی پولیس کے جوانوں سے کہا کہ جب ہم دہلی اور ملک کی حفاظت میں آپ کے کردار کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ دہلی پولیس نہ صرف ملک کی بلکہ دنیا کی میٹروپولیٹن پولیس فورسز کی اہم صفوں میں اپنا مقام یقینی بناتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کے لئے یہ بھی فخر کی بات ہے کہ اس کی تشکیل خود مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل نے کی، جن کا کردار پورے ملک کو متحد کرنے میں منفرد ہے ۔مسٹر شاہ نے پولیس کے جوانوں کو پرسکون ہوکر کام کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ جب وہ کسی کی دشمن ہی نہیں ہے تو انہیں کسی بھی حالت میں مشتعل ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ‘‘پولیس کو ہمیشہ اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کسی بھی وجہ سے اشتعال میں آئے بغیر شہریوں کو فسادیوں سے محفوظ رکھنا ان حتمی فرض ہے ’’۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ دہلی پولیس نے سردار پٹیل کے اس سبق پرہمیشہ عمل کیا ہے ۔ اپنے قیام سے لے کر آج تک ملک کے دارالحکومت میں جتنے قومی تہوار منائے گئے ، مختلف ممالک کے صدر مملکت یہاں آئے ، ہر موقع پر دہلی پولیس نے ہمیشہ ان تمام کاموں کو مخلص، کامیابی اور کسی کوتاہی کے بغیر مکمل کیا۔ ملک کے دارالحکومت میں چاہے کتنی بھی بڑی تقریب یا قومی تہواروں کا انعقاد ہو، ملک یقینی طور پر اس کی ذمہ داری دہلی پولیس کے کندھوں پر ڈالتا آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کی تشکیل مرد آہن سردار پٹیل نے کی تھی اور ملک کی آزادی کے بعد سے اب تک 35 ہزار سے زیادہ پولیس کے جوان ملک کی سلامتی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپنی جان کی عظیم قربانی دے چکے ہیں۔مسٹر شاہ نے کہا کہ ‘دہلی محفوظ شہر’ پروجیکٹوں کے تحت مرکز کی جانب سے 857 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں اور عوامی مقامات کی نگرانی کے لئے 165 پولیس اسٹیشنوں کے دائرہ اختیار میں تقریباً10000سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ خواتین کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے دہلی پولیس کو تقریباً 9300 سی سی ٹی وی کیمروں کی منظوری فراہم کی ہے ۔