عسکری کارروائیوں میں 60فیصد کی کمی واقع ، حالات بہتری کی جانب گامزن :پولیس سربراہ
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍ پولیس چیف نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کی اور اُنہیں جموںوکشمیر کی سلامتی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ پولیس سربراہ نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ حالات پوری طرح سے معمول پر ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ملی ٹینسی کے واقعات میں 60فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جموںوکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس چیف اور وزیر داخلہ کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک بند کمرے میں میٹنگ ہوئی جس دوران داخلہ سیکریٹری بھی موجود رہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے وزیر داخلہ کو جموںوکشمیر کی سیکورتی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وادی کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے چھ ماہ کے دوران ملی ٹینسی کے واقعات میں 60فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس چیف نے وزیر داخلہ کو جموں وکشمیر کی سیکورٹی کے حوالے سے پوری تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز شروع کئے گئے ہیں جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سرگرم جنگجوئوں کے ساتھ ساتھ اُن کے معاونین کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے اور پچھلے ایک ماہ کے دوران متعدد بالائی ورکروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس چیف نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ وادی کشمیر کے لوگ مین اسٹریم کی طرف آرہے ہیں جبکہ وہ سیکورٹی فورسز کو بھی بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے چھ ماہ کے دوران وادی کشمیر میں ملی ٹینسی کے واقعات میں 60فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ پولیس سربراہ کے مطابق جموںوکشمیر پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں جبکہ شر پسند عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جموںوکشمیر پولیس مستعدی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی جانب سے جموںوکشمیر کے حالات کے متعلق مفصل جانکاری دینے کے بعد وزیر داخلہ نے میٹنگ کے دوران کہاکہ جموںوکشمیر پولیس کی جانب سے قیام امن کی خاطر کی جارہی ہیں کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو جموںوکشمیر پولیس پر فخر ہے ۔ سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بھی پولیس چیف نے وزیر داخلہ کو جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ حد متارکہ اور لائن آف کنٹرول پر فوج اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی رینجرس سرحدوں پر دراندازی کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں تاہم بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔