امریکہ کا یہ قدم ہتھیاروں کو دوڑ کو بڑھانے والا ہے : عائشہ فاروقی
یواین آئی
اسلام آباد؍؍ہندوستان کوا مریکہ سے ملنے والے ایئر ڈیفنس سسٹم کی وجہ سے پاکستان کی فکرمندی بڑھ گئی ہے اور اس سودے کو رکوانے کے لئے اس نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے ۔پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے جمعرات کو ہفت روزہ بریفنگ میں کہا کہ امریکہ کے ہندوستان کو ایئر ڈیفنس سسٹم فروخت کرنے کو منظور ی دیا جانا تشویش ناک ہے ۔ امریکہ کا یہ قدم ہتھیاروں کو دوڑ کو بڑھانے والا ہے اور یہ خطہ اس کو برداشت نہیں کرسکے گا۔محترمہ عائشہ نے کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کو دنیا کی بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے کشمیر سے متعلق جھوٹ کو پاکستان دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہے ۔ جنوبی ایشیا ہتھیاروں کی دوڑ اور ٹکراو کا خطرہ مزید برداشت نہیں کرسکتا۔ اس لیے خطے کو غیر مستحکم ہونے سے روکنے کی ذمہ داری بین الاقوامی براداری پر ہے ۔انہوں نے ہندوستانی میڈیا میں شائع ان خبروں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ہندوستان کو ایئر ڈیفنس سسٹم فروخت کرنے کے 1.8ارب ڈالر کے سودے کو منظور دے دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اس فیصلے سے جنوبی ایشیا میں فوجی توازن بگڑے گا۔انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور اقو ام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کے دورے کے دوران پاکستان کے خلاف ہندوستان کوئی کارروائی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے کی جانے والی کسی بھی کارروائی کا پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔دریں اثنا پاکستان کے دورے پر آئے مسٹر اردگان نے کشمیر مسئلے پر پاکستان کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ اقو ام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس لاہور اور کرتار پور کے گردوارہ دربار صاحب کی زیارت کریں گے ۔ ترجمان نے کہا کہ 193 دنوں سے کشمیر بند ہے اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور وہاں لوگوں کو بولنے کی آزادی نہیں ہے ۔