جموں، 12 فروری (یو این آئی) جموں کے ضلع کشتواڑ کے درب شالہ علاقے میں بدھ کے روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جموں کے ضلع کشتواڑ کے درب شالہ علاقے میں پانی نالہ کے نزدیک ایک ماروتی کار زیر نمبر JK07-2745 جس میں ایک ہی کنبے کے افراد سوار تھے، ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ افراد برسر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق وہ ایک کمسن کی لاش کو جموں سے لارہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مہلوکین کی شناخت سنجے کمار ولد پون کمار، ریکھا دیوی زوجہ پون کمار، پون کمار ولد بھنسی لال، ریتا دیوی زوجہ راکیش کمار اور کول کرشنا ولد پھول چند ساکنان بہادت درب شالہ ضلع کشتواڑ کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا سابق وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اس دلخراش سڑک حادثے پر اظہار دکھ و غم اور پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔
انہوں نے جموں کشمیر کے خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں آئے روز پیش آنے والے دلدوز سڑک حادثات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس علاقے میں پیش آرہے دلخراش سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے کار گر اور موثر قدام جنگی بنیادوں پر کریں