آکلینڈ، (یواین آئی) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ملی 22 رنز کی شکست کے بعد نودیپ سینی نے کہا کہ اگر وہ آؤٹ نہ ہوئے ہوتے تو میچ کا نتیجہ کچھ اور ہی ہوتا۔سینی نے رویندر جڈیجہ کے ساتھ مل کر شراکت کی تھی اور ٹیم انڈیا کو بحران سے بڑی حد تک باہر نکال دیا تھا لیکن رنز کی رفتار تیز کرنے کی وجہ سے وہ اپنا وکٹ گنوا بیٹھے تھے ۔ انہوں نے 45 رنز بنائے تھے ۔سینی نے کہا، "جب میں آؤٹ ہو کر پویلین گیا اور میں نے وہاں ویڈیو میں دیکھا تو مجھے اپنے آؤٹ ہونے کا دکھ ہوا۔ اگر میں آؤٹ نہ ہوتا تو شاید نتیجہ کچھ اور ہوتا۔ مجھے اس بات کا کافی دکھ ہے کہ ہم جیت کے کافی قریب تھے ۔ مجھے لگا تھا وکٹ فلیٹ ہے اور ہم آخر تک بلے بازی کر سکتے ہیں اور میچ کافی قریبی ہو جائے گا۔ یہ آسان نہیں تھا۔ٹیم کا ٹاپ آرڈر جلدی آؤٹ ہو گیا اور مڈل آرڈر نے کچھ خراب شاٹ کھیلے ۔سینی نے کہا، "جب میں بلے بازی کرنے اترا تو ہمیں کافی رن چاہئے تھے ۔ ہماری منصوبہ بندی تھی کہ ہم مقابلے کو قریب تک لے جائیں اور پھر ہمارے جیتنے کی امید بڑھ جاتی۔ ہم صرف جیتنے کے لئے کھیل رہے تھے اور ہم چاہتے تھے کہ مقابلہ قریبی ہو۔ "انہوں نے کہا، "جب میں جڈیجہ کے ساتھ بلے بازی کر رہا تھا تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ جب بھی تمہیں باؤنڈری کی گیند ملے تو تم اس پر باؤنڈری لگانے کی کوشش کرنا نہیں تو ایک یا دو رن لینا۔ جڈیجہ نے مجھ سے کہا کہ محتاط بلے بازی کرنا اور ہم میچ کو آخر تک لے جائیں گے "۔یواین آئی